سیاسی وعسکری قیادت کانیشنل ایکشن پر اس کی روح کے مطابق عملدر آمد یقینی بنانے ،آخری دہشتگردکے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے پر اتفاق

تعلیمی اداروں پر حملہ کر نے والوں کو شکست فاش ہوگی ٗ محمد نواز شریف کااعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

پیر 1 فروری 2016 20:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) سیاسی وعسکری قیادت نے ایک بار پھر نیشنل ایکشن پر اس کی روح کے مطابق عملدر آمد یقینی بنانے اور آخری دہشتگردکے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں ٗ بچوں کو سکول جانے سے خوفزدہ کر نے والوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایاجائیگا ٗ تعلیمی اداروں پر حملہ کر نے والوں کو شکست فاش ہوگی ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان اختر اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان سمیت ملک میں امن و امان کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سانحہ چارسدہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ شرکاء کو دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنے کے شواہد بھی دکھائے گئے۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیاں قابل ستائش ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدر آمد کیا جائیگا اور ملک میں دہشت گردوں مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور بچوں کو اسکول جانے سے خوفزدہ کرنے والوں کو شکست دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم کا عزم غیر متزلزل ہے ملک کے ہر کونے سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کردیں گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں بچوں کو سکول جانے سے ڈرانے والوں کو ہر صورت شکست دیں گے ٗتعلیمی اداروں پر حملے کرنیوالوں کو شکست فاش ہوگی ٗدہشتگردوں کیخلاف قوم متحد ہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہر ایک کیخلاف کارروائی ہورہی ہے اور دہشتگردی اور انتہاپسندی کو ہر صورت ختم کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں