آمریت کی وجہ سے ہماری پارلیمانی تاریخ داغدار ہے جس پر ہمیں افسوس ہے ٗ چیئرمین سینیٹ

پروگرام کے اچھے نتائج برآمد ہونگے ٗنوجوان نسل کو جمہوری عمل میں شامل کرنے کا موقع ملے گا ٗ راجہ ظفر الحق

پیر 1 فروری 2016 21:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینیٹ اور قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں ٗجمہوری نظام کی کامیابی کے لئے پارلیمنٹ کی عوامی سرپرستی انتہائی ضروری ہے ٗآمریت کی وجہ سے ہماری پارلیمانی تاریخ داغدار ہے جس پر ہمیں افسوس ہے ٗ پاکستان کے آئین کے اصل مفہوم کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے ٗ آئین کے ساتھ کسی نے مذاق کرنے یا صوبائی خودمختاری کو واپس لینے کی کوشش کی تو وفاق پاکستان پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔

پیر کو چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سینیٹ میں انٹرن شپ پروگرام کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین کے اصل مفہوم کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے اور یہ کہ پاکستان کاآئین ایک وفاقی ،پارلیمانی اور جمہوری آئین ہے اور اس آئین کے ساتھ کسی نے مذاق کرنے یا صوبائی خودمختاری کو واپس لینے کی کوشش کی تو وفاق پاکستان پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ نے حال ہی میں جن اقدامات کی طرف پیش قدمی کی ہے اسکا مقصد یہی ہے کہ عوام اور پارلیمان کے درمیان فاصلوں کو کم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان صحیح معنوں میں کردار تب ہی ادا کریگی جب عوام اس کی اونر شپ لیں اور پاکستان کے عوام کی اونر شپ ایک جمہوری نظام کے اندر ہونی لازمی ہے۔میاں رضا ربانی نے کہا کہ بدقسمتی سے جب بھی اس ملک میں مارشل لاء آیا تو نصاب میں ایسی تبدیلیاں لائی گئیں جس کے باعث نوجوانوں کو یہ باور کرایا گیا کہ پاکستان کے اندر وفاقیت کا راستہ صحیح راستہ نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے پارلیمانی تاریخ کو مسخ کر دیا گیا ۔میاں رضا ربانی نے کہا کہ جمہوریت اور آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے ہمارے بزرگوں نے کتنی قربانیاں دی ہیں اسکا ہماری نوجوان نسل کو علم ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے سے نوجوانوں کوپارلیمنٹ میں کام کرنے کا موقع ملے گا اور وہ اندر سے مشاہدہ کر سکیں گے۔اوربہتر طریقے سے آئین کے مفہوم کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ پارلیمنٹ کے اندران ہیروز کے نام پر ایک ایسی یادگار ہونی چاہئے جنہوں نے جمہوریت کی بالا دستی اور آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے آمرانہ ادوار میں آواز بلند کی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور کوڑے کھائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس انٹرن شپ پروگرام کی بدولت نوجوان نسل کو پارلیمنٹ کے کام کے طریقہ کار اور اہمیت کوسمجھنے میں مدد ملے گی اور پاکستانی تاریخ میں ایوان بالا نے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔

اور پہلی مرتبہ پارلیمنٹ نے اکیڈیمیاکی طرف ہاتھ بڑھایا ہے اور یہ اپنی نوعیت کی ایک نئی مثال ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے آٹھ یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے تھے تاکہ ان یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلباء کو انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں ZABISTکے ساتھ بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائینگے۔

جبکہ IBAکراچی کے ساتھ بھی ماہرین کی خدمات لینے کے حوالے سے عمل جاری ہے تاکہ قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے اور قانون سازی ،اقتصادیات اور دیگر امور میں ماہرین کی خدمات لے کر کمیٹیوں کو موثر کردار ادا کرنے میں مدد فرا ہم کی جا سکے۔تقریب سے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق نے بھی خطاب کیااور کہا کہ دنیا بھر میں پارلیمانوں کے کام میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے اور آج کسی بھی ملک کی پارلیمنٹ میں اہم امور بشمول قومی و علاقائی و بین الا قوامی مسائل زیر بحث لائے جاتے ہیں اور پالیسی سازی میں معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے انٹرن شپ پروگرام کو خوش آئند قرار دیااور اس ا مید کااظہار کیا کہ اس پروگرام کے اچھے نتائج برآمد ہونگے ۔اور نوجوان نسل کو جمہوری عمل میں شامل کرنے کا موقع ملے گا ۔یاد رہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے کچھ عرصہ قبل ہی آٹھ مختلف یونیورٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے جس کے نتیجے میں 46 طلباء و طالبات کو سینیٹ کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

قبل ازیں سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے انٹرن شپ پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جب اسکی آبادی ذیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کہ ہمارے لئے ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے بشرط کہ ہم انکو تعلیم،صحت اور روزگار کے حوالے سے بہترین مواقع فراہم کر سکیں۔اور سینیٹ آف پاکستان کا انٹرن شپ پروگرام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں