پیپلز پارٹی اور چوہدری نثار کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باوجود وفاقی وزیر داخلہ کا رینجرز کے اختیارات سے متعلق نئے نوٹیفکیشن کے اجراء کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں چوہدری نثار کو عہدے سے ہٹانے کے پیپلز پارٹی کے مطالبات کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ، ذرائع

پیر 1 فروری 2016 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باوجود وزیر داخلہ نے سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے، رینجرز کے اختیارات سے متعلق نئے نوٹیفکیشن کے اجراء کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے اپنے خلاف دیئے گئے بیانات کو ایک طرف رکھ کر سرکاری فرائض نہ صرف احسن انداز میں ادا کر رہے ہیں بلکہ وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کی طرف سے انہیں عہدے سے ہٹانے کے مطالبات کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سندھ کے مشیر اطلاعات مولانا بخش چانڈیو، سندھ کے وزیر تعلیم نثار کھوڑو سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر وزیر داخلہ کو ہدف بنا رکھا تھا، جس کا وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اپنی پریس کانفرنس میں اسی لب و لہجہ میں جواب دیا تھا جس میں پیپلز پارٹی ان کے خلاف سرگرم تھی تاہم پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں جو وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں، اس اجلاس میں کراچی آپریشن اور رینجرز اختیارات کا معاملہ زیر غور آیا اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ قائم کیا اور ان سے درخواست کی کہ رینجرز کے اختیارات کیلئے مشاورت سے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی قیادت کی طرف سے وزیر داخلہ کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبات پر کسی بھی قسم کی توجہ نہیں دی اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں