حکومت نے پٹرولیم سے کوئی پیسہ نہیں بنایا، پٹرول پر سیلز ٹیکس کم کریں گے تو خسارہ بڑھے گا، پاکستان نے خطے میں سب سے زیادہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیں ، تیل درآمد کرنے والے ممالک میں سے پاکستان کے علاوہ کسی ملک نے 40 روپے کی کمی نہیں کی ، دبئی تیل برآمد کرتا ہے وہاں پر پٹرول 55روپے اوربنگلہ دیش میں 136روپے لیٹر میں مل رہا ہے، گیس کی تقسیم کے حوالے سے اس وقت آرٹیکل 158 لاگو ہے ، پورے ملک میں گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس ملنی چاہئے ، گیس کی تقسیم سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل میں بحث ہونی چاہیے…… قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی بریفنگ

اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم اور عبدالوسیم میں تلخ جملوں کا تبادلہ پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی کر کے عوام سے مذاق کیا گیا ، اور آپ کی نجی فضائی کمپنی نے بھی کرایے بڑھا دیئے ، عبدالوسیم کا الزام ، ڈھائی سال پہلے کمپنی چھوڑ دی، غلط کام کر رہی ہے تو ایکشن لیاجائے ،شاہد خاقان کا جواب

جمعرات 4 فروری 2016 20:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے پٹرولیم کی قیمتیں کم ہونے سے کوئی پیسہ نہیں بنایا، پٹرول پر سیلز ٹیکس کم کریں گے تو خسارہ بڑھے گا، پاکستان نے خطے میں سب سے زیادہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیں ، تیل درآمد کرنے والے ممالک میں سے پاکستان کے علاوہ کسی ملک نے 40 روپے کی کمی نہیں کی، جس دن پٹرول 5روپے کم کیا اس دن بھارت نے 4روپے پٹرول میں کمی کی، دبئی تیل برآمد کرتا ہے وہاں پر پٹرول 55روپے میں مل رہا ہے، بنگلہ دیش میں 136روپے لیٹر میں مل رہا ہے ،اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم اور ایم کیوایم کے رہنما و رکن کمیٹی عبدالوسیم میں جھڑپ اور تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔

(جاری ہے)

اس دوران عبدالوسیم نے کہا کہ آپ نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے کم کر کے مذاق کیا اور آپ کی نجی فضائی کمپنی نے بھی کرایے بڑھا دیئے ہیں جس پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایئر بلیو اڑھائی سال پہلے چھوڑ دی تھی، وہ پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے، میرانام نہ استعمال کیا جائے، اگر نجی غلط کام کر رہی ہے تو اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کا اجلاس کمیٹی چیئرمین چوہدری بلال احمد ورک کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں ڈاکٹر شیریں مزاری کیجانب سے ایل این جی معاہدہ سے متعلق سوالات کے تحریری جوابات اگلے اجلاس تک پیش کرنے کی ہدایت کی۔ پی ایس او ملازمین کی ملی بھگت سے 142ارب کے تیل کی چوری کے حوالے سے اقبال محمد علی کی جانب سے پیش کئے گئے ایجنڈے پر بحث نہ ہو سکی۔ اراکین کمیٹی نے اقبال محمد علی کی مسلسل غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے اقبال محمد علی کو آخری موقع دیتے ہوئے ایجنڈے کو اگلے اجلاس تک موخر کر دیا، قدر تی وسائل کی دریافت اور پیدا کرنے والی کمپنیوں کے حوالے سے وزارت پٹرولیم نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور معیار پر پورا نہ اترنے والی کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے، معیار پر پورا نہ اترے والی 26کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے، 11کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں اور 6 کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں، 9 کمپنیوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، گیس کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ایس این جی پی ایل کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ گیس کی پیداوار1100 ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ طلب 2100 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، صوبہ میں گیس کی پیداوار 375ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ طلب 326 ایم ایم سی ایف ڈی۔

وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے پاور پلانٹ کیلئے 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مانگی ،جو ان کے حوالے کر دی گئی ہے، گیس کی تقسیم کے حوالے سے آرٹیکل 158 پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ گیس کی تقسیم کے حوالے سے مشترکہ مفادات کونسل ( سی سی آئی) میں بحث ہونی چاہیے، سب سے پہلے پورے ملک میں گھریلو صارفین کی ضرورت پوری کرنی چاہیے، انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیا دوں پر فراہم کرنی چاہئے ۔

فرٹیلائزر، پاور پلانٹ، سٹرٹیجک پلانٹ سارے پنجاب میں ہیں اور سارا ملک وسائل استعمال کرتا ہے۔ عبدالوسیم نے کہا کہ آئل کی قیمتیں اتنی زیادہ کم ہوئی ہیں، پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں 5روپے کم کر کے قوم کے ساتھ مذاق کیا گیا، ایئر بلیو بھی مستفید ہو رہی ہے، ملک مشکل میں ہے اور ہم فائدہ اٹا رہے ہیں، ایئر بلیو نے پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود کرایہ بڑھا دیا ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کے ساتھ تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد ساجد احمد اور عبدالوسیم نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ ایجنڈے سے ہٹ کر گفتگو نہیں ہونی چاہیے۔ عبدالوسیم نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کمیٹی کا اجلاس نہ بلائیں ، ٹی اے ڈی اے ضائع ہوتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے عبدالوسیم کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایئر بلیو کمپنی میں نے شروع کی تھی لیکن اب یہ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے، کسی کو اعتراض ہے تو ایس ای سی پی سے جا کر تفصیلات لے، اڑھائی سال پہلے ایئر بلیو چھوڑ دی تھی، ایئر بلیو کے حوالے سے میرا نام استعمال نہ کیا جائے، اگر ایئر بلیو کوئی غلط کام کر رہی ہے تو اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، جس دن ہم نے پٹرول کی قیمت 5 روپے کم کی اس دن بھارت میں 4روپے کم ہوئی، حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے کوئی پیسہ نہیں بنایا، پٹرول پر سیلز ٹیکس اگر کم کریں گے تو بجٹ خسارہ بڑھے گا اور قرضے لینے پڑیں گے، تیل درآمد کرنے والے ممالک میں پٹرول کی قیمت سب سے زیادہ کمی پاکستان میں ہوئی، بنگلہ دیش میں 136روپے لیٹر مل رہا ہے، دبئی خود تیل برآمد کر رہا ہے وہاں پٹرول 55 روپے لیٹر مل رہا ہے، پٹرول کی قیمت میں 40روپے کی کمی تیل درآمد کرنے والے ممالک میں پاکستان کے علاوہ کسی ملک نے نہیں کی، بلد عمارتوں میں گیس کے کنکشن کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم کو سمری بھیجی گئی ہے، ہاؤسنگ کالونیوں کو گیس کنکشن پر پابندی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں