ڈیرہ غازی خان میں سینکڑوں افغان باشندوں کی غیر قانونی موجودگی کا انکشاف

وزیر داخلہ نے افغان باشندوں کی موجودگی بارے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی

اتوار 7 فروری 2016 17:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 فروری۔2016ء) سینکڑوں افغان باشندوں کی ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی موجودگی کا انکشاف ہواہے ،حسا س اداروں کی نشاندہی پر وزیر داخلہ نے غیر قانونی افغان باشندوں کی موجودگی کے بارے میں آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔آن لائن کو ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں سینکڑوں افغان باشندوں کی موجود گی اور آبادکاری پر حساس اداروں نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرہ کے پیش نظر وزارت داخلہ کو آگاہ کردیا ہے جس کے مطابق پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ڈیرہ غازی خان میں افغان باشندوں کی تیزی سے غیر قانونی آبادی کاری اور کاروبار میں شراکت داری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

وزارت داخلہ کو بتایاگیاہے کہ شمالی وزیر ستان سمیت دیگر قبائلی علاقوں سے افغان باشندے پنجاب سمیت ملک کے دوسرے علاقوں کا رخ کررہے ہیں جن میں سے متعدد بغیر شناختی کارڈز کے ہیں اور مقامی افراد سے مل کر بے فارم میں ان کے اندراج کا بھی انکشاف ہواہے جس کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے جنوبی پنجاب کے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کا متعدد بار ذکر کیاگیاہے اور دہشت گردوں کے خلاف پنجاب حکومت نے آپریشن کا عندیہ بھی دیا ہے ۔

واضح رہے کہ تحصیل تونسہ شریف پنجاب کا آخری سرحدی علاقہ ہے جو کہ شمالی وزیر ستان سے ملحقہ ہے اسی وجہ سے افغان باشندے بذریعہ تمن بزدار اور تمن قیصرانی سے آمد ورفت رکھے ہوئے ہیں اور تحصیل تونسہ شریف میں زمینوں کی خریداری کرکے آبادکاریاں کی جارہی ہیں ۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے متعدد بار اطلاع بھی دی ہے تاہم کوئی خاطر خواہ کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔اس معاملے پر حسا س اداروں نے وزارت داخلہ کو مراسلہ جاری کیا ہے جس پر وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے غیر قانونی افغان باشندوں کی موجودگی کے بارے میں آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور اس حوالے سے سیکورٹی اقدامات موثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں