اسلام آباد ،چینی عمارت کے افتتاح کے موقع پر آتش بازی اور ہوائی فائرنگ، کچہری میں بھگڈر مچ گئی

منگل 9 فروری 2016 13:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 فروری۔2016ء) اسلام آباد کی ضلعی کچہری کے قریب چینی عمارت کے افتتاح کے موقع پر آتش بازی اور ہوائی فائرنگ سے کچہری میں بھگڈر مچ گئی ، وکلاء ، سائلین اور کلرکو ں سمیت پولیس کی بھی دوڑیں لگ گئیں ، ایس ایس پی آپریشن ساجد کیانی نے کچہری کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں صبح دس بجے اس وقت ایک دلچسپ صورتحال بن گئی جب کچہری کے قریب چائنیز سفارتخانے کی جانب سے ایک عمارت کے افتتاح کیلئے چینی سفیر کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہنے کیلئے آتش بازی کی گئی جس کے بعد قریب واقع ضلعی کچہری میں شدید خوف وہراس پھیل گیا وکلاء اور سائلین نے سمجھا کہ کچہری پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا ہے لوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے تیزی سے باہر کی جانب بھاگنا شروع ہوگئے اور پوری کچہری دیکھتے ہی دیکھتے خالی ہوگئی جبکہ کچھ وکلاء نے اپنے چیمبر کو اندر سے تالے لگا کر چھپ کر بیٹھ گئے اور ججز اپنے کمروں میں محصور ہوگئے چند سکیورٹی اہلکار الرٹ ہوئے تاہم اکثریت نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے وہاں سے بھاگنے میں ہی اپنی عافیت سمجھی آدھے گھنٹے بعد جب صورتحال واضح ہوئی تو خوف وہراس کی کیفیت ختم ہوگئی اور وکلاء اپنے چیمبر میں واپس آئے لیکن سائلین نے واپس لوٹنے کی بجائے گھروں کو جانے کو ترجیح دی واضح رہے کہ منگل کے روز ہی ایس ایس پی آپریشن ساجد کیانی نے اسلام آباد بار میں سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دینا تھی اور وہ واقع کے کچھ ہی دیر بعد کچہری پہنچ گئے

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں