اے این ایف کی ملک گیر کاروائیاں، 118کلوگرام منشیات برآمد، 6ملزمان گرفتار، گاڑی قبضے میں لے لی گئی

منگل 9 فروری 2016 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 فروری۔2016ء) اے این ایف نے راولپنڈی ، ڈیرہ غازی خان ، پشاور اور کراچی میں کی گئی 4ملک گیر کاروائیوں کے دوران 118کلوگرام منشیات برآمد کر لی جس میں 11.4کلوگرام ہیروئن اور 107کلوگرام چرس شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 6ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور ایک گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔

برآمد شدہ منشیات کی زیادہ تر مقدار مقامی استعمال کی غرض سے اسمگل کی جا رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف کراچی نے اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی منگھو پیر کے علاقے پختون آباد میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر مذکورہ گھر میں ذخیرہ کی گئی 100 کلو گرام چرس برآمد کر لی جو پلاسٹک کے تھیلوں میں بند کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

دوران کارروائی گھر کے رہائشی ملزم صابر خان کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ جگہ منشیات کی اڈے کے طور پر استعمال کی جا رہی تھی۔اے این ایف راولپنڈی نے جی ٹی روڈ ،راولپنڈی پر ترنول کے قریب ایک منی مزدا ٹرک نمبر LWN-2876 کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 4کلوگرام ہیروئن اور 6کلوگرام چرس برآمد کر لی،جبکہ عالم زیب سکنہ چکوال اور رضوان سکنہ نوشہرہ نامی دو افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، منشیات مقامی استعمال کی غرض سے پنجاب اسمگل کی جا رہی تھی۔ اے این ایف لاہور ٹیم نے تونسہ شریف ، ڈیرہ غازی خان کے قریب ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے منشیات کی مقامی سطح پر ترسیل میں ملوث دو ملزمان ،فہیم اور محمد حنیف نامی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4.4کلوگرام ہیروئن اور 1کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور ائیرپورٹ ٹیم نے پشاور ائیرپورٹ پر دوہا روانہ ہونے والے منڈی بہاؤ الدین کے رہائشی مسافر شرجیل احمد کو حراست میں لے کر اس کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 3کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں ، مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں