مٹھی بھر شدت پسند اور دہشتگرد عناصر نے اسلام کے آفاقی پیغام امن کو دھندلا کررکھ دیا ہے ‘ اکابرین امت گمراہ عناصر کو راہ راست پر لانے کیلئے متفقہ اور قابل عمل حکمت عملی مرتب کریں‘ دنیا پر واضح کیا جائے کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے ‘ جو انسانوں ہی نہیں جانوروں سے بھی حسن سلوک کا درس دیتا ہے

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان کاکنونش سینٹر میں عالمی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب

بدھ 10 فروری 2016 16:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مٹھی بھر شدت پسند اور دہشتگرد عناصر نے اسلام کے آفاقی پیغام امن کو دھندلا کررکھ دیا ہے ۔ اکابرین امت گمراہ عناصر کو راہ راست پر لانے کے لیے متفقہ اور قابل عمل حکمت عملی مرتب کریں۔ دنیا پر واضح کیا جائے کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے ۔

جو انسانوں ہی نہیں جانوروں سے بھی حسن سلوک کا درس دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کنونش سینٹر میں عالمی پیغام اسلام کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ امت مسلمہ کی عظیم شخصیات اور جید علماء کرام سے مخاطت ہونا میرے لیے باعث اعزاز ہے ۔

(جاری ہے)

یہ عالمی” پیغام اسلام کانفرنس“ وقت کی ضرورت تھی ۔

اس وقت مسلم امہ سنگین مسائل سے دو چار ہے ۔ کشمیر اور فلسطین کے محکوم مسلمانوں کے علاوہ آج عراق ، افغانستان ، شام ، لیبیا اور یمن میں مسلمان کے ہاتھوں مسلمان کا خون بہہ رہا ہے ۔ جبکہ اسلام کے نام پر مٹھی بھر گمراہ عناصر پاکستان ، سعودی عرب، ترکی اور کئی افریقی ممالک میں خود کش حملوں کے ذریعے تباہی پھیلا رہے ہیں۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے مذید کہا کہ انتہا پسندی اور شدت پسندی کی آڑ لے کر دشمن ہماری صفوں میں گھس آیا ہے ۔

آرمی پبلک سکول پشاور اور باچا خان یونیورسٹی کے بے گناہ طالب علموں کو نشانہ بنانے والے علم دشمن مسلمان نہیں ہو سکتے ۔ بازاروں ، مساجد اور درس گاہوں میں خود کش حملے کرنے والے دشمن کے ایجنٹ اور ملک و ملت کے لیے آستین کے سانپ ہیں ۔ جن کا سر کچلنا اشد ضروری ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پلیٹ فارم سے مسلح افواج پاکستان کے جوانوں ، افسروں اور سپہ سالا ر جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بہادری اور جراتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا ہے ۔

صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ شدت پسندی کی وجوہات پر غور کیا جائے تو اس کی ایک بڑی وجہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ، فلسطین ، کشمیر ، چیچنیا اور دیگر خطوں میں مسلم علاقوں پر جابرانہ قبضہ اور عالمی برادری کی جانب سے ان کے حق خودارادیت کی مناسب حمایت سے محرومی بھی ہے ۔ اگر فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت مل جائے تو شدت پسند گمراہ نوجوانوں کو راہ راست پر لانے میں مدد مل سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ و عظام اور دانشور حضرات سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ مل بیٹھ کر دہشتگردی کی وجوہات ، گمراہ مسلم نوجوانوں تک دشمن کی رسائی بے گناہ انسانوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے متفقہ ”پلان آف ایکشن “بنائیں ۔ دہشتگردوں سے لڑنا صر ف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی قومی ذمہ داری ہے ۔ کانفرنس سے مفتی اعظم فلسطین پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی اور دیگر علماء کرام اور مشائخ و عظام نے بھی خطاب کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں