وفاقی وزیر تجارت کا چینی کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار

عالمی مارکیٹ میں چینی کی گرتی ہوئی قیمتوں اور ملک میں چینی کے وافر سٹاک کی موجودگی میں مقامی مارکیٹ چینی کی قیمت میں اضافہ بلا جواز ہے ، خرم دستگیر کی بین الوزارتی کمیٹی کومقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں اور سٹاک کی محتاط انداز میں نگرانی کی ہدایت

جمعرات 11 فروری 2016 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت خر م دستگیر نے چینی کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں چینی کی گرتی ہوئی قیمتوں اور ملک میں چینی کے وافر سٹاک کی موجودگی میں مقامی مارکیٹ چینی کی قیمت میں اضافہ بلا جواز ہے، بین الوزارتی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں اور سٹاک کی محتاط انداز میں نگرانی کرے۔

جمعرات کو وزارت تجارت خرم دستگیر نے بین الوزارتی کمیٹی کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزارت تجارت نے چینی مقامی مارکیٹ میں غیر ضروری اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ چینی کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں کم ہو رہی ہیں اور مقامی سٹاک کی کافی مقدار میں موجود ہونے کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے، ای سی سی نے بین الوزارتی کمیٹی کو 50,0000ٹن چینی کے اضافی سٹاک کو برآمد کی اجازت دی تھی اور بین الوزارتی کمیٹی کو ٹاسک دیا تھا کہ ہر ماہ چینی کے سٹاک اور برآمدات کے حوالے سے جائزہ لیا جائے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چینی برآمد کرنے کی اجازت کے بعد اب تک 21133میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی ہے اور اس وقت 2.25ملین میٹرک ٹن چینی کا سٹاک ملک میں موجود ہے، اپریل کے وسط تک کرشنگ سیزن شروع ہونے سے چینی کے مقامی سٹاک میں مزید اضافہ ہو گا، چینی کا ماہانہ استعمال 0.4ملین میٹرک ٹن ہے۔ وزیر تجارت نے کمیٹی کو ٹاسک دیا ہے کہ محتاط طریقہ سے چینی کی مقامی مارکیٹ میں قیمتوں اور ملک میں سٹاک کی نگرانی کرے تا کہ غیر ضروری قیاس آرائیوں سے مارکیٹ کو بچایا جا سکے۔(اح+و خ)

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں