پنجاب سے رواں سال3 لاکھ ٹن آلو برآمد کئے جائیں گے

جمعہ 12 فروری 2016 11:39

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) پنجاب سے رواں سال3 لاکھ ٹن آلو برآمد کئے جائیں گے ۔ دسمبر2015ء سے اب تک آٹھ مختلف ممالک کو80 ہزار ٹن سے زائد آلو برآمد کئے جاچکے ہیں ، ان ممالک میں روس، بحرین، کویت ، سری لنکا، ملائیشیا، قطر، اومان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ پنجاب کے صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ گذشتہ برس ایک لاکھ96 ہزار ٹن آلو برآمد کئے گئے تھے جبکہ رواں سال کیلئے آلو کا برآمدی ہدف بڑھا کر تین لاکھ ٹن کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلہ میں پنجاب میں آلو کے زیرکاشت رقبہ میں3.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس سال صوبہ میں4 لاکھ ایکڑ رقبہ پر آلو کی فصل کاشت کی گئی ہے اور بھرپور پیداوار حاصل ہوئی ہے جس کے باعث مقامی ضروریات سے زائد آلو کی برآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال صوبہ میں3.84 ملین ٹن آلو کی پیداوار حاصل ہوئی تھی جبکہ رواں سال پیداوار میں بھرپوراضافہ متوقع ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں سپلائی چین منیجمنٹ کا مربوط نظام متعارف کروا رہی ہے تاکہ آلو کے کاشتکاروں کو براہ راست برآمد کنندگان سے جوڑا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کی مشینری کی خریداری کیلئے 1.183 ارب روپے کے قرضے فراہم کرچکی ہے تاکہ زرعی شعبہ کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق بنایاجاسکے جس سے نہ صرف ملکی غذائی ضروریات پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ضرورت سے زائد زرعی اجناس کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں