ویزے کے لئے جعلی تعلیمی اسناد جمع کرانے والا طالب علم دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

جمعہ 12 فروری 2016 14:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے فیڈرل قبر ص ایمبسی میں ویزے کے حصول کے لئے جعلی تعلیمی اسناد جمع کرانے والے طالب علم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔ جمعہ کے روز سینئر سول جج عبدالغفور کاکڑ نے ملزم شاہ فہد کے مقدمہ کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کے تفتیشی انسپکٹر محمد ارشد نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شاہ فہد نے سائپرس کے ویزے کے حصول کے لئے سائپرس ایمبسی میں اپنی تعلیمی اسناد جمع کرائیں دوران انٹرویو ملزم کی تعلیمی اسناد جعلی ہونے کی بناء پر ایمبسی نے معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کیا ۔

ملزم کی اصل تعلیم میٹرک ہے جبکہ ملزم نے ایک اور ساتھی جو کہ پشاور کا رہائشی ہے اس کے ساتھ مل کر ایف ایس سی کی جعلی سند بنائی ملزم نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر جعل سازی کی جس پر مقدمہ درج ہوا تو ملزم کو گرفتار کیا گیا ۔ اب ملزم کے جعل ساز گروپ سے مزید جعلی اسناد برآمد کرنے کے لئے ایف آئی اے نے استدعا کی کہ ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہمارے حوالے کیا جائے عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ملزم کو چودہ فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں