آزادکشمیر حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے 262میگاواٹ کے 26منصوبوں پر کام کی رفتار تیز تر کردی ہے، چودھری محمد یاسین

ہفتہ 13 فروری 2016 15:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء)آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے 262میگاواٹ کے 26منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز تر کردیا ہے ۔ اور اگلے سال ان میں سے نصف پر پیداوار شروع ہوجائے گی ۔ جس کے بعد آزادکشمیر میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا ۔

وہ آج یہاں 100.98میگاواٹ گل پور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اجلاس میں چینی کمپنی میراپاوٴ کے ڈپٹی چیف چنگ منگ یو ،ڈائریکٹرجنرل پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نویدگیلانی ، ڈی جی ایم ڈی اے میرپور چوہدری جاوید نے شرکت کی ۔ اجلاس میں گل پور پاورپراجیکٹ کی تعمیر کے دوران متاثر ہونے والے شہریوں کے معاملات زیر بحث آئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیصلہ کیاگیا کہ متاثرین کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ متاثرین کو فوری طور پر معاوضے ادا کردیئے گئے ہیں اور جن کے معاوضے رہتے ہیں ان کی فوری ادائیگی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ متاثرہ افراد کو نئی جگہوں پر بسانے کیلئے تعلیمی اداروں ، صحت کے مراکز اور دوسری تمام سہولیات جلد مہیا کی جائیں گی۔ اس کے لئے فوری طورپر متعلقہ اداروں کو کام شروع کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنی زمینیں اس پراجیکٹ کو دی ہیں ان کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت آزادکشمیر ہائیڈرو پاور آرگنائزیشن کے ذریعے262میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 26منصوبوں پر کام کررہا ہے اور اگلے سال ان میں سے نصف پر کام مکمل ہوجائے گا جس سے آزادکشمیر بھر میں لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ نیلم جہلم، کوہالہ ، پترنڈ، کروٹ کے منصوبوں پر بھی کام شروع کیاجارہا ہے ۔ نیلم جہلم پر تو اگلے سال کام مکمل ہوجائے گا اور وہ 2018ء میں مکمل پیداوار شروع کردے گا جس سے پاکستان میں جاری توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں