اسلام آباد : سگریٹ، تمباکو، نسوار اور گٹکے کی سر عام فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 فروری 2016 12:44

اسلام آباد : سگریٹ، تمباکو، نسوار اور گٹکے  کی سر عام فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 فروری 2016ء) : اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے سگریٹ ، نسوار اور گٹکےکی سر عام فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ تمباکو، نسوار اور گٹکا فروخت کرنے کے لیے دکانداروں کو لائسنس جاری کیے جائیں گے اور محض لائسنس یافتہ دکاندار ہی تمباکو اور اس سے بنی دیگر اشیا فروخت کرنے کے اہل ہوں گے ۔

انتظامیہ نے مزید کہا کہ کوئی بھی دکاندارلائسنس کے بغیر سگریٹ فروخت نہیں کر سکے گا جبکہ امپورٹڈ سگریٹ کی فروخت پر بھی پابندی عائد ہو گی۔ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے دکاندار کو پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے جُرمانہ اورتین روز قید ہو سکتی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے سترہ سو سے زائد دکانداروں کو لائسنس جاری کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لائسنس کی قیمت میں بھی دو گنا اضافہ کر دیاگیا ہے جس کے مطابق لائسنس کی قیمت دو ہزار سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے تحت یہ پابندی تمباکو نوشی ایکٹ کے تحت عائد کی گئی ہے ، نوٹس میں کہا گیا کہ دکانداروں کو لائسنس کے اجرا کا اختیار ایکسائز انسپکٹر کو حاصل ہو گا، انتظامیہ کی جانب سے لائسنس کے اجرا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، جس کے تحت ابتدائی طور پر پچاس دکانداروں کو لائسنس جاری کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں