”پاکستانی سیاست میں بھی کرکٹ ڈپلومیسی شروع“

پیر 15 فروری 2016 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) پاکستانی سیاست میں بھی کرکٹ ڈپلومیسی شروع ، چیئرمین پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) نجم سیٹھی نے وزیراعظم محمد نواز شریف اورتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پی ایس ایل کے فائنل میچ میں شرکت کی دعوت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کی تجویز پر دی ۔ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نجم سیٹھی کو مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں نے تجویز دی ہے کہ وفاق اوراپوزیشن کے درمیان سیاسی حالات کشیدہ ہیں ،پاکستان سپر لیگ کے نادر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فائنل میچ میں وزیر اعظم نواز شریف اور سربراہ تحریک انصاف کو مدعو کیا جائے تاکہ وہاں پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا اہتمام ہو سکے، اس موقع پر نواز شریف عمران خان کو ایک بار پھر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیں گے،ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنما ایک ساتھ اگر بیٹھ جائیں تو دیگر سیاسی جماعتوں کی حوصلہ شکنی ہو گی اور وہ حکومت کیخلاف محاذ آرائی سے گریز کریں گے ، ذرائع نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر رائے عامہ ہموار کرنے کے بعد نجم سیٹھی وزیراعظم اور عمران خان کو باضابطہ طور پر خط لکھ کر دعوت دیں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2014کے دھرنوں سے قبل بھی وزیراعظم محمدنواز شریف عمران خان کے تحفظات دور کرنے کے لیے بنی گالہ گئے تھے تاہم عمران خان نے نواز شریف کی گزارشات سننے کے باوجود بھی دھرنہ دیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں