عوامی مینڈیٹ کے مطابق عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، شیخ آفتاب احمد

پیر 15 فروری 2016 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور اور انچارج وزیر برائے وزیر اعظم شکایات ونگ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اور عوام کی طرف سے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق ان کی خدمت ہمارا قومی فریضہ ہے انہوں نے کہا کہ ونگ میں موصول ہونے والی تمام شکایات کا بروقت اور فوری جواب متعلقہ محکموں کو بھجوا دیا جاتا ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے آج اسلام آباد میں پاک ایم ڈی جی کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پچھلے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں جائزہ لیا گیا اور نامکمل منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی اور اس میں مشکلات کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔وزیر مملکت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں کہ جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے کام میں تیزی لائی جائے ، معیار اور مقدار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔

انہو ں نے کہا کہ عوام نے جو مینڈیٹ ہمیں خدمت کرنے کا دیا ہے ترقیاتی کام کر کے عوام کو اس مینڈیٹ کا صلہ دینا ہمارا فرض ہے ۔اجلاس میں ایم این اے کیپٹن (ر) محمد صفدر ، سکریٹری اسٹیبلشمنٹ ، سکریٹری کیبنٹ ، سوئی نادرن گیس ، او جی ڈی جی سی ایل اور واپڈا کے نمائندوں ، وزارت پارلیمانی امور اور فنانس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں