نیب تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، عدم برداشت کی پالیسی کے تحت نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس سے خطاب، تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی تربیت میں اضافے کیلئے تربیتی ضروریات کا جائزہ

پیر 15 فروری 2016 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب اپنے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیب عدم برداشت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ پیر کو چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس ہوا جس میں 2016ء میں نیب کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی تربیت میں اضافے کیلئے تربیتی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اپنے خطاب میں ٹر یننگ آف ٹرینر کورس کے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ یہ کورس ایک ہفتہ پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہونے کی حیثیت سے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا ذمہ دار ہے۔

(جاری ہے)

اس ذمہ داری کو نبھانے کیلئے پرعزم اور انتہائی تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب انسانی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اس لئے اپنے افسران کی پیشہ وارانہ بہتری کا سلسلہ یقینی بنانے کیلئے 2016ء کیلئے جامع سالانہ منصوبہ وضع کیا ہے۔

یہ بھی واضح کرنا اہم ہے کہ نیب کے تربیت یافتہ افسران مکمل طور پر باصلاحیت اور اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی بیوروز میں ہر سطح کے افسران کیلئے ٹریننگ سیل قائم کئے گئے ہیں تاکہ وہ متعلقہ علاقائی بیوروز میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر سکیں۔ ٹریننگ آف ٹریننرز پروگرام ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن نیب اور یو این او ڈی سی کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن نے علاقائی تجاویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ماہرین کی آراء پر مبنی 2016ء کیلئے جامع تربیتی پروگرام وضع کیا ہے۔ ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی جانب سے تیار کئے گئے تربیتی منصوبے پر اعلیٰ سطح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کورس کے نکات میں بہتری لائی گئی ہے اور انوسٹی گیشن آفیسرز ریفریشر کورس مکمل ایک ہفتے کی بجائے پارٹ ٹائم کی بنیاد پر دو ہفتے منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ تفتیشی افسران کی سو فیصد شمولیت یقینی بنائی جا سکے اور ان کی معمول کی سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اس قسم کے دو کورس منعقد کرائے گئے جبکہ رواں سال کیپسٹی بلڈنگ کے چھ کورس افسران کیلئے چھ سٹاف ڈویلپمنٹ کورس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جائزے اور نگرانی کے نظام کی تربیت کے کورس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش نہ صرف ان افسران کو تربیت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے بلکہ کام کرنے کے طریقہ کار کے یکساں انداز سے بھی آگہی پیدا کرنا ہے جو کہ تمام فریقوں کی مشاورت سے تشکیل دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اپنے تفتیشی افسران اور پر اسیکیوٹرز کی زیادہ سے زیادہ تربیت پر توجہ اور زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیب میں ترقی کیلئے ایم سی ایم سی، ایس ایم سی اور ایم این سی جیسے کورسز کو ضروری قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افسران کی ترقی کو ان کورسز کی تربیت سے مشروط کر دیا ہے اس سے نیب کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

2016ء کے اس تربیتی منصوبے پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ قمر زمان چوہدری نے کہا کہ تربیت ایک مسلسل عمل ہے جو نیب کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے انتہائی اہم عنصر ہے جس سے ان کی کارکردگی کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔ تربیت کے ذریعے انسانی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہے۔

اس عزم کے حصول کیلئے نیب کے افسران کی پیشہ وارانہ اہلیت کا تسلسل ضروری ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب اپنے افسران کے معیار میں بہتری اور اسے برقرار رکھنے کے حوالے سے تربیت کے مرکزی کردار کا معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے معیار اور یکسانیت یقینی بنانے کیلئے تفتیشی افسران، ریفریشر کورسز اور اکاؤنٹس کے معاملات، جنرل فنانشل رولز، ایف آر ایس آر، ڈیجیٹل فرانزک سوالیہ دستاویزات اور انگلیوں کے نشانات کے تجزیہ سے متعلق صلاحیتوں میں اضافہ کے تربیتی پروگراموں کیلئے معیاری نصاب وضع کیا ہے اس سے نیب کو ایس او پیز قواعد و ضوابط کے معیاری طریقہ کار کے حصول میں مدد ملے گی۔

تربیتی پروگرام کی کارکردگی کے اہداف کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا تاکہ مستقبل کی تربیت کی ضروریات میں مسلسل جائزہ اور بہتری کو مدنظر رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 110 نئے بھرتی ہونے والے تفتیشی افسران کو پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں تربیت دی جا رہی ہے۔ تمام تفتیشی افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے جدید خطوط اور معیاری نصاب پر مبنی کورس وضع کیا گیا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نیب کے تمام افسران کو جدید ٹیکنالوجی اور جدید خطوط پر مبنی تربیت فراہم کرنے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹر یننگ اکیڈمی کے قیام کا خواہاں ہے۔ نیب راولپنڈی میں ڈیجیٹل فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور انگلیوں کے نشانات کے تجزیہ کی سہولت موجود ہے۔ تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز قانون پر عملدرآمد کرتے ہوئے مقررہ اوقات میں مقدمات کی تفتیش کیلئے اس فرانزک میں لیبارٹری سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں