پاکستان کی سیاست میں کافی دمدار ستارے گردش میں ہیں، وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اشارہ کسی ایک فرد کی جانب نہیں بلکہ ہر اس کرپٹ اور نااہل عنصر کی طرف تھا جو قانون کا پاسدار نہیں ہے، کوٹلی واقعہ آزاد کشمیر کی حکومت اور وزیراعظم کی نااہلی کی وجہ سے پیش آیا، اس کی تحقیقات ضروری ہیں ، سینیٹر نہال ہاشمی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت

پیر 15 فروری 2016 22:35

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں کافی دمدار ستارے گردش میں ہیں، وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اشارہ کسی ایک فرد کی جانب نہیں بلکہ ہر اس کرپٹ اور نااہل عنصر کی طرف تھا جو قانون کا پاسدار نہیں ہے، کوٹلی واقعہ آزاد کشمیر کی حکومت اور وزیراعظم کی نااہلی کی وجہ سے پیش آیا، اس کی تحقیقات ضروری ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان نے دم پر پاؤں کی جو بات کی تھی وہ کسی خاص شخص کی جانب اشارہ نہیں تھا، پاکستانی سیاست میں کافی دمدار ستارے گردش میں ہیں اور چور مچائے شور کے مصداق شور مچایا جا رہا ہے جبکہ وزیر داخلہ نے گڈگورننس، کرپٹ، بدانتظام اور نااہل عناصر کی بات کی تھی۔

(جاری ہے)

نہال ہاشمی نے کہا کہ کوٹلی واقعہ کو آزاد کشمیر حکومت آسانی سے کنٹرول کر سکتی تھی اور جس کارکن کی موت واقع ہوئی وہ پتھراؤ اور آنسو گیس شیلنگ کے باعث دم گھٹنے سے واقع ہوئی، کوئی گولی نہیں چلی تھی کہ اس پر قابو نہ پایا جاتا، واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں نہال ہاشمی نے کہا کہ مولا بخش چانڈیو ہر بات پر بدلیں گے تو حالات مزید خراب ہوں گے، انہیں چاہئے کہ وہ ہم پر نظر رکھنے کی بجائے اپنے وزراء کی نگرانی کریں۔

بھارت کی طرف سے پٹھان کوٹ واقعہ سے مذاکرات مشروط کرنے سے پیچھے ہٹنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے موقف کی جیت ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، جلد مذاکرات کا آغاز ہونا چاہئے، تاخیر کا نقصان پاکستان کو نہیں بھارت کو ہی ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں