صدر ممنون نے ترک نیوی کے سربراہ کو نشان امتیاز ملٹری کے اعزاز سے نوازا

منگل 16 فروری 2016 17:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء)صدرمملکت ممنون حسین نے ترک نیوی کے سربراہ ایڈمرل بلند بوستان گولو کو نشان امتیاز( ملٹری) کے اعزاز سے نوازا ہے اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں پاکستان کے نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ اور سیکرٹری دفاع کے علاوہ اعلی فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔

اس پروقار تقریب کے بعد صدرمملکت سے ترکی کی نیوی کے سربراہ نے ملاقات کی اس موقع پر صدرمملکت ممنون حسین نے ایڈمرل بوستان گولو کی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافے کے لئے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے عوام گہرے اور مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ صدرمملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اکتوبر ۲۰۱۵ء میں ترکی میں اعلی سطحی دفاعی بات چیت کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے دو نوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا، انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لئے ترکی کے فعال اور مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

صدرمملکت نے ترک نیوی کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی نیوی کے درمیان مزید وسیع تعلقات کے مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے ا س پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان نیوی کے لئے کراچی شپ یار?ڈمیں سولہ ہزار ٹن کی گنجائش کے ٹینکر کی تعمیر کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا ہے۔صدرمملکت ممنون حسین نے دونوں ممالک کے درمیان پرجوش تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور امیدظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا، صدرمملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، ترک نیوی کے سربراہ نے صدرمملکت کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنے دورہ پاکستان کومفید قراد دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں