اے این ایف نے 9 ملک گیر کارروائیوں میں 70 کلو گرام منشیات برآمد کر لی

منشیات کی اسملنگ میں ملوث 12 ملزمان گرفتار،4 گاڑیاں ضبط

منگل 16 فروری 2016 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) اے این ایف نے ملک کے مختلف حصوں میں کی گئی 9 کارروائیوں کے دوران 67 کلو گرام چرس، 2.065 کلو گرام ہیروئن اور 1.5 کلو گرام آئس برآمد کر لی،جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور 4 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے فیصل آباد ایئر پورٹ سے فیصل آباد کے رہائشی 2 مشتبہ ملزمان عبید الرحمٰن اور قمر شہزاد کو حراست میں لے لیا، جنہوں نے دوران تفتیش ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔

دونوں ملزمان قطر ایئرویز سے کولمبو جارہے تھے۔اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ، رشہ کئی پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک کار کو قبضے میں لیا اور اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد کر لی اور 2 ملزمان محمد یٰسین اور عثمان عالم ساکنان پشاور کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

اے این ایف پشاور نے ایک اور کارروائی کے دوران نیو ٹول پلازہ کوہاٹ کے قریب ایک سوزوکی آلٹو کار کو تحویل میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد کر لی اور خیبر ایجنسی کے رہائشی راحت شاہ نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

اے این ایف پشاور نے پشاور جمرود روڈ پر واقع کچا گھڑی کے علاقے میں افغان اڈہ کے قریب کھڑی لاوارث ہنڈا سوک کار کو تحویل میں لیا جس کے خفیہ خانوں سے 49 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔اے این ایف کراچی نے حیدر آباد فتح چوک بس سٹاپ پر کارروائی کرتے ہوئے نیاز محمد نامی مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2.1 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔دوسری کارروائی میں اے این ایف کراچی ایئر پورٹ ٹیم نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے جمشید احمد نامی ملزم کو حراست میں لیا جس نے دوران تفتیش پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔

ملزم تھائی ایئر لائن کی پرواز سے تھائی لینڈ جا رہا تھا۔اے این ایف کراچی نے ایک اور کارروائی کے دوران جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ملائیشیا روانہ ہونے والے عبد الوقاص نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1.03 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کے دوسرے ساتھی کو بھی قریبی علاقے سے گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے 1.035 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ شہر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹیوٹا کرولا کار کو قبضے می لیکر گاڑی سے 1.5 کلو گرام آئس برآمد کر لی، جبکہ گاڑی میں سوار محمد خان اور محمد شاہی نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ شہر میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران جنان خان نامی مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں