پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء پر حملہ ،انہیں تشدد کانشانہ بنانا افسوسنا ک ہے ،سینیٹرمیر اسراراﷲ خان زہری

جامعہ کی انتظامیہ تشدد کی روک تھام کیلئے اقدامات ، طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے پُرامن ماحول فراہم کرے، سربراہ بی این پی عوامی

جمعرات 18 فروری 2016 19:12

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)کے قائد سینیٹرمیر اسراراﷲ خان زہری نے کہاہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء پر حملہ اور انہیں تشدد کانشانہ بنانا افسوسنا ک ہے ۔ جامعہ کی انتظامیہ پر یہ لازم ہے کہ وہ تشدد کے روک تھام کے لئے اقدامات کرتے ہوئے جامعہ میں طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے پُرامن ماحول فراہم کریں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں اسلام آباد میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر میر اسراراﷲ خان زہری سے ملاقات کرنے والے پنجاب یونیورسٹی کے طلباء میں ابابگر بلوچ ،بیبرگ بلوچ ، گہرام بلوچ ، شاہجہاں بلوچ، احسان میر اور نمل بلوچ ودیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

طلباء نے اس سے پہلے پنجاب یونیورسٹی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء پر ایک تنظیم کی جانب سے ہونے والے تشدد سے آگاہ کیا ۔ اور اس حوالے سے سینیٹر میر اسراراﷲ خان زہری سے تعاون کی اپیل کی گئی ۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے قائد سینیٹر میر اسراراﷲ خان زہری نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی میں طلباء پر ہونے والے حملے پر انہیں افسوس ہواہے ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں تشدد اور نفرت کا خاتمہ کرکے اس میں پڑھائی کے لئے پُرامن ماحول قائم کیا جائے ۔تاکہ طلباء خوف سے بالا تر ہو کر لگن و سکون کے ساتھ اپنے علمی سلسلے کو آگے بڑھائیں ۔انہوں نے ملاقات کرنے والے طلباء سے کہاکہ آپ مستقبل کے معمار ہو ،بے فکر ہو کر اپنی درسگاہوں میں جائیں اور پڑھائی پر بھر پور توجہ دیں آپ سے اہل بلوچستان و پاکستان کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں ۔اور اس حوالے سے میں متعلقہ حکام سے گفت و شنید کرکے معاملے کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کرونگاتاکہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ رونماء نہ ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں