موسم کی ادا میں تبدیلی ، اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش،جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی

جمعہ 19 فروری 2016 11:12

اسلام آباد /لاہور/راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء ) موسم کی ادا میں تبدیلی ، اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ، اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں بوندا باندی ، ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں ، موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں رم جھم ہوگی۔

بوندا باندی ، سرمئی بادلوں کے سائبان تلے جھومتی ڈالیوں ، مسکاتی کلیوں نے شہر اقتدار اسلام آباد کا موسم دلکش بنا دیا۔

(جاری ہے)

جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے پڑنے والی پھوار کا سلسلہ دن اور رات تک جاری رہا۔ باغوں کے شہر لاہور میں رم جھم اور کہیں کہیں پڑنے والے چھینٹوں سے موسم خنک ہو گیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کے مطابق وقفے وقفے سے جاری پھوار کہیں بوندا باندی اور کن من کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

شہر کے آسمان کو یونہی بادل گھیرے رہیں گے۔ سیالکوٹ ، صفدر آباد ، وہاڑی ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گرد و نواح میں بارش کے بعد موسم ایک بار پھر ٹھنڈا ہو گیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بہاولپور ، ساہیوال ، فیصل آباد ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، ہزارہ ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں