فارما سیوٹیکل کمپنیوں کا ادویات کی قیمتوں کے معاملے پر وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات سے انکار

جمعہ 19 فروری 2016 16:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں کے معاملے پر وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات سے انکار کر دیا،وفاقی حکومت کے بلانے کے باوجود صرف ایک دوا ساز کمپنی کانمائندہ پہنچا اوروزیرمملکت کو 10 کمپنیوں کے نمائندوں کا انتظار ہی کرنا پڑا، وزیر مملکت صحت سائرہ افضل تارڑنے کہا ہے کہ دوا ساز کمپنیوں سے بلیک میل نہیں ہوں گے، فارما بیورو نے مذاکرات کیلئے نہ آ کر ثابت کر دیا کہ ان کا موقف غلط ہے۔

تفصیلات کے مطابق ادویات کی قیمتیں بڑھانے کے معاملے پر وفاقی حکومت اور دواز ساز کمپنیوں کے نمائندوں کے درمیان جمعہ کو دن دس بجے مذاکرات ہونا تھا لیکن صرف ایک کمپنی کا نمائندہ پہنچا اورعدالت سے حکم امتناعی لینے والی 10 کمپنیوں کے نمائندے نہ پہنچے اور وزیر مملکت صحت، ڈی جی اور سیکرٹری صحت انتظار ہی کرتے رہ گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اس پر رد عمل دیتے ہوئے وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ دوا ساز کمپنیوں سے بلیک میل نہیں ہو ں گے، ادویات کی قیمتیں بڑھانے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اور امید ہے کہ عدالتوں کے سامنے ہمارا موقف سنا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کمرشل بنیادوں پر کوئی کام کرتے ہیں تو ہم پر الزام لگتے ہیں اور اگر ہم خود دوائیاں بنائیں تو بھی ہم پر الزام آتے ہیں،فارما بیورو نے نہ آ کر ثابت کر دیا کہ ان کا موقف غلط ہے حالانکہ ہم سمجھتے ہیں کہ فارما انڈسٹری کے اصل مسائل کو حل ہونا چاہئے اور اگر انہیں واقعی مسائل کا سامنا ہے تو انہیں مذاکرات کیلئے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی دوا 9 کمپنیاں بنا رہی ہیں اور ریگولیشن کا یہ مطلب نہیں کہ دوائیوں کی قیمتیں بڑھاتے رہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں