ادویات کی قیمتوں میں بلاجوا زمیں اضافے کوسپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے ‘اضافہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی یا حکومت نے نہیں کچھ ملٹی نیشنل ادویات ساز کمپنیوں نے دوسری بار عدالت عالیہ سے غلط بیانی کی بنیاد پر حکم امتناعی لے کر کیا‘حکومت عوام کے ساتھ اس طرح کی زیادتی برداشت نہیں کرے گی ،وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 19 فروری 2016 21:53

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ادویا ت کی قیمتوں میں اضافہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی یا حکومت نے نہیں کیا ہے،بلکہ کچھ ملٹی نیشنل ادویات ساز کمپنیوں نے دوسری بار عدالت عالیہ سے غلط بیانی کی بنیاد پر حکم امتناعی لے کر ادویات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کر دیا ہے ،حکومت عوام کے ساتھ اس طرح کی زیادتی برداشت نہیں کرے گی ۔

قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ ادویات کی قیمتوں کو طے کرنے کا ایک قانونی طریقہ ہے ۔ پرائسنگ پالیسی کے مطابق ڈرگ پرائسنگ کمیٹی قیمتوں کا تعین ایک فارمولے کے تحت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن اس معاملے پر حکومت عدالت عظمیٰ میں ضرور جائے گی اور قیمتوں میں اس بلا اجازت اضافے کو چیلنج کرے گی ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کر رہیں تھیں ۔

وزیر صحت نے کہا ہیاس مسئلے پر مزید بات چیت کے لیے آج فارما بیورو اور پی پی ایم اے کو بلایا گیا تھا جس میں پی پی ایم اے نے اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ اس طرح کے مسائل افہام تفہیم سے حل ہونے چاہیے نہ یک طرف فیصلہ ہونا چاہیے۔ آج کی میٹنگ میں فارما بیورو نے شرکت نہ کر کے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ انہوں نے ادویات کی قیمتوں میں یکطرفہ ، بلا اجازت اور بلا جواز اضافہ کر کے عوام کے ساتھ سخت زیادتی کی ہے ۔

وزیر صحت نے کہا ہے کہ اپوزیشن پوائنٹ سکورنگ نہ کرے ۔ بلکہ وہ اس طرح کی تنقید کر کے ان کمپنیوں کی حمایت کر رہی ہے جنہوں نے بغیر کسی اجازت کے یکطرفہ اضافہ کیا ہے ۔ اس طرح حکومتی موقف کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار تقریر کرنے سے آپ عوام کاساتھ نہیں دے رہے ہوتے بلکہ الٹا حکومت کو دباؤ ڈالا جا رہا ہے ۔ اگر آپ عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو ہمارے ساتھ مل کر ان مافیاز کے خلاف کھڑے ہوں جو سٹے کی آڑ میں عوام سے کروڑوں روپے ہتھیا رہے ہیں۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت عملی کام پر یقین رکھتی ہیں نہ کہ کھوکھلے نعرورں پر ۔ تنقید کرنے والے بھول گئے ہیں کہ وزارت صحت نے ’’ہیپاٹائٹس سی‘‘ کی دوا جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر تھی ۔ دنیا میں سب سے کم قیمت پرپاکستان میں اس کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں