سی ڈی اے کے زیراہتمام موسم بہار کی شجر کاری مہم کے لئے تیاریاں جاری ، باضابطہ آعاز7 مارچ سے ہوگا ، مختلف اداروں کے تعاون سے 8 لاکھ پودے لگائیں جائیں گے، چیرمین سی ڈی اے ایف نائن پارک میں مہم کا باضابط افتتاح کرینگے

سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء الله امان کی گفتگو

اتوار 21 فروری 2016 17:14

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 فروری۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے کے زیراہتمام موسم بہار کی شجر کاری مہم کے لئے تیاریاں جاری ہیں ،مہم کا باضابطہ آعاز7 مارچ سے ہوگا جس میں مختلف اداروں کے تعاون سے 8 لاکھ پودے لگائیں جائیں گے، چیرمین سی ڈی اے معروف افضل ایف نائن پارک میں مہم کا باضابط افتتاح کرینگے۔

سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء الله امان نے اتوار کو یہاں اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 فروری۔2016ء کو بتایا کہ آنے والی شجر کاری مہم کے لئے سی ڈی اے نے دارالحکومت کی اہم شاہراہوں، چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر پودے لگانے کے لئے تیاریاں شروع کر دی ہیں، مہم کے دوران مختلف اداروں کے ساتھ مل کر 8 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چیرمین سی ڈی اے معروف افضل7مارچ کو ایف نائن پارک میں پودا لگا کر مہم کا باضابط افتتاح کرینگے اسلام آباد میں شجر کاری مہم کے دوران سیرینا ہوٹل اسلام آباد، پی ٹی سی ایل، سینٹورس، وارد، کاروان ڈیویلپمنٹ کارپوریشن، مختلف یونیورسٹیاں اور کالجز، این جی اوز اور دیگر کمپنیاں بھی سی ڈی اے کے ساتھ حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موسم بہار شجر کاری مہم کے دوران پودے لگانے سے اسلام آباد کی سرسبز و شادابی میں اضافہ ہو گا بلکہ ماحول خوشگوار اور جنگل میں اضافہ ہو گا،شجر کاری کے بعد شہریوں کے تعاون سے ان پودوں کی دیکھ بھال انتہائی اہم ہے تاکہ ان کی بھر پور افزائش کر کے انہیں درخت بنایا جا سکے۔

ممبر ماحولیات نے کہا کہ مہم کے دوران اسلام آباد کی تمام بڑی شاہراؤں، چوراہوں، گرین بیلٹس، ایونیو اور دیگر رہائشی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں تاکہ اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں بشمول اسلام آباد ایکسپریس وے، ٹینتھ اور الیونتھ ایونیو، آئی9-، آئی10- اور آئی11-کی گرین بیلٹس، تمام مراکز اور سائیٹس سمیت تمام پارکوں میں جبکہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک ایریا میں سملی ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران چیڑ، پائن، کچنار، املتاس، دریک، جیکرانڈہ، زیتون اور جامن وغیرہ کے پودے لگانے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں ، اس میں سیکٹر سٹیزن کمیٹیوں، تاجروں، تعلیمی اداروں، این جی اوز اور ماحول دوست افراد کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت کی عام شاہراہوں، مصروف چوراہوں اور گرین بیلٹس کو رنگا رنگ پھولوں اور دلکش لینڈ سکیپنگ سے مزین کر کے شہر کو مزید خوبصورت بنانے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔

ان پھولوں اور لینڈ سکیپنگ کی حفاظت کے لئے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی خصوصی ہدایات پر اہم شاہراؤں، میڈین سٹرپس اور شہر کے داخلی راستوں کو رنگا رنگ پھولوں کی سجاوٹ اور اسٹیٹ آف دی آرٹ لینڈ سکیپنگ کے ذریعے شہر کو مزید خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے میں مصروفِ عمل ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں