خیبر پختونخوا کے کوہستان ڈویژن میں آبی وسائل سے 13ہزار 241 میگا واٹ سستی بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں،ماہرین

پیر 22 فروری 2016 12:41

اسلام آباد ۔ 22 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 فروری۔2016ء) خیبر پختونخوا کے کوہستان ڈویژن میں آبی وسائل کی مد سے 13ہزار 241میگا واٹ سے زائد سستی بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں۔ اباسیں کوہستان ڈویژن کا علاقہ جو کوہستان بالاوزیریں پر مشتمل ہے یہاں پر چھوٹے ، درمیانے ، بڑے اور بہت بڑے پاور پلانٹس کی تنصیب کیلئے آبی وسائل سے استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔

شعبہ توانائی و آبی وسائل کے ماہرین نے کہا ہے کہ اباسین کوہستان میں انتہائی چھوٹی سطح پر بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس کی تنصیب سے 8 میگاواٹ جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے پاور پلانٹس سے 2ہزار 61 میگا واٹ اور بڑے پاور پلانٹس نصب کر کے11ہزار 172میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی چھوٹے درجے کے پاور پلانٹس کو دریاؤں کی گذر گاہوں پر نصب کر کے چلایا جاسکتا ہے جبکہ چھوٹے ، درمیانے اور بڑے سائز کے بجلی پیدا کرنے کے یونٹس بھی قدرتی آبی گذر گاہوں پر نصب کئے جا سکتے ہیں اور ان کیلئے ڈیموں کی تعمیر کی بھی ضرورت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی طرح علاقے میں کئی مقامات پر بجلی پیدا کرنے کے یونٹس نصب کر کے قومی گرڈ میں تیرہ ہزار میگاواٹ سے زائد سستی بجلی کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔ پاکستان کونسل آف رینو ایبل انرجی ٹیکنالوجیز نے بھی علاقہ میں 166مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں پر انتہائی چھوٹے ، درمیانے اور بڑے سائز کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے ہمارے ملک کو وسائل سے نوازا ہے جن سے بروقت استفادہ کر کے ملکی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی مسائل کے خاتمہ میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں