نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کااجلاس

قومی شاہراہ N-70 کے راکھی ، گاج ، بیواٹا سیکشن کی اپ گریڈیشن کاٹھیکہ دینے کی منظوری وزیراعظم کی ہدایت پر اکنامک کاریڈور کے ویسٹرن روٹ کو جلد از جلد تکمیل کیلئے اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں،چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ

پیر 22 فروری 2016 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کااجلاس چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ کی زیر صدارت اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہو ا ، جس میں قومی شاہراہ N-70 کے راکھی ۔ گاج ۔ بیواٹا سیکشن کی اپ گریڈیشن کاٹھیکہ دینے کی منظوری دی گئی۔یہ منصوبہ ملتان۔قلعہ سیف اللہ شاہراہ پر واقع ہے اور بلوچستان اور پنجاب کے منصوبے کیلئے میسرز تائی سی جاپان نے سب سے کم بولی دی۔

اس منصوبے کے پی سی ون کی لاگت 13.7 ،ارب روپے ہے۔دو رویہ اس سڑک کی لمبائی 11.6 کلومیٹر ہے اور کوئٹہ اور لاہور کے درمیان مختصر ترین راستہ ہے۔N-70 کی اپ گریڈیشن سے ملک میں شرقاً غرباً کا ریڈور کا 200 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہوجائے گا۔یہ سڑک بھاری گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی پڑی معاون ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کیلئے جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (JICA) مالی معاونت کرے گا۔

چیئرمین این ایچ اے شاہد اشر ف تارڑ نے کہا کہ راکھی ۔گاج ۔بیواٹا شاہراہ پہاڑی علاقہ میں واقع مشکل پراجیکٹ ہے اور نئی سڑک پر سفر کو ہر ممکن حد تک محفوظ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر ملک میں چائنہ پاک اکنامک کاریڈور کے ویسٹرن روٹ کو جلد از جلد تکمیل کیلئے اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں شمالاً جنوباً پشاور۔

کراچی موٹروے کی تکمیل بھی بتدریج جاری ہے۔ اجلاس میں اسلام آباد۔پشاور موٹروے پر ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک 285 کلومیٹر موٹروے کی تعمیر کے پی سی ون کی بھی منظوری دی گئی۔اس موٹر وے کی تعمیر سے شمالی پنجاب،خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں اور بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور افغانستان کے ساتھ بھی تجارتی تعلقات کی راہ ہموار ہوگی ۔

اس موٹروے پر دریائے سندھ ،دریائے سواں اور دریائے کورم پر تین بڑے پُل، 11 انٹر چینجز،19 فلائی اوورز،74 انڈر پاسز اور 259 کلورٹس تعمیر کئے جائیں گے۔اجلاس میں محمد سلیم بھٹی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس،وقار احمد جائنٹ سیکرٹری فنانس ڈویژن،ملک احمد خان ممبر انفراسٹرکچر پلاننگ ڈویژن،نذیر احمد جائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات،اظہر مسعود وائس پریذیڈنٹ نیسپاک،آمنہ عمران خان چیف این ٹی آر سی،راجہ نوشیر وان ممبر پلاننگ این ایچ اے ،شعیب احمد خان ممبر فنانس این ایچ اے اور علی اکبر میمن سیکرٹری این ایچ اے نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں