ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں عہدے بیچے جارہے ہیں ،بزنس مین پینل

پیر 23 نومبر 2015 16:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء)بزنس مین پینل نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت کے سال 2015میں ہونے والے انتخابات میں عہدے بیچے گئے، بڑے عہدے کے 30لاکھ،درمیانی عہدے کے 10لاکھ جبکہ چھوٹے عہدے کے 5لاکھ روپے مقرر کیے گئے ۔یہ رقم یونائیٹڈبزنس گروپ کے لیئے فنڈزکے نام سے وصول کی گئی۔اس ضمن میں میڈیا کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ)کے سی ای اواوریونائیٹڈبزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات میں بڑے عہدے کے 30لاکھ، درمیانی عہدے کے 10لاکھ جبکہ چھوٹے عہدے کے 5لاکھ روپے یوبی جی کے فنڈزکے نام پر وصول کیے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایم منیر کے ایک قریبی ساتھی نے جب ایس ایم منیرسے یوبی جی کے فنڈزکے حوالے سے بات کی اور حساب مانگا تو ایس ایم منیر نے جواباً کہاکہ میں فنڈزکا حساب دینے کا پابندنہیں ہوں مگریوبی جی کااکاؤنٹ خودمینٹین کرتا ہوں اور اس وقت اکاؤنٹ میں 8لاکھ روپے موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس وقت یوبی جی کے اکاؤنٹ میں تقریباً80لاکھ روپے موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ یوبی جی کے نام پر کروڑوں روپے فنڈزاکھٹاکیا گیااس کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے ۔اس فنڈزکوضیافتوں کے نام پر اڑادیاگیا۔دریں اثناء بزنس مین پینل نے کہاکہ ایک طرف ایس ایم منیر ٹڈاپ کے سی ای او ہیں اور دوسری جانب وہ یوبی جی کے نام پر سیاست کررہے ہیں جوکہ ٹڈاپ کے سیکشن 31کے تحت جرم ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیر ٹڈاپ کے نام پر ٹریڈباڈیزکے دورے کررہے ہیں اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاکرفیڈریشن کے سالانہ انتخابات برائے 2016کے لیے اپنے امیدوار کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔

وزیراعظم اور وفاقی وزیرتجارت اس کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیرایف پی سی سی آئی پر اپنی بادشاہت قائم رکھنے کے لیے ایک ایسے شخص کو صدارتی عہدے پر نامزدکیا ہے جس کا کوئی کاروبار نہیں ہے اور نہ ہی انہیں بزنس کمیونٹی کے مسائل کا علم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں نوکر نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے والے سپہ سالار کو لانے کی ضرورت ہے جو بزنس کمیونٹی کا ایجنڈا ایوان میں پیش کرنے کی جرأت اور صلاحیت رکھتا ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں