بنگلہ دیشی گورنمنٹ کا جماعت اسلامی کے قائدین کو پھانسی دینا اسلام پر خود کش حملے کے مترادف ہے، اسلامی تحریک طلبہ پاکستان

پیر 23 نومبر 2015 17:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء) اسلامی تحریک طلبہ پاکستان نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے قائدین اور اپوزیشن رہنماوٴں علی محمد احسن،صلاح الدین قادر چوہدری کی پھانسیوں پراپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش کا یہ اقدام اسلام پر خود کش حملے کے مترادف ہے ،وحدت اسلامی کو شدید نقصان پہنچانے کیلئے بنگلہ دیش میر جعفر اور میر صادق کاکردار ادا نہ کرے ایسا کرنے سے عالم اسلام میں اس کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی ،چیئر مین اسلامی تحریک طلبہ پاکستان غلام عباس صدیقی،صدر شاہد نذیر،جنرل سیکرٹری ذکی الدین ،ترجمان محمد عدنان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت نے اپوزیشن رہنماوٴں کو پھانسی دے کر فسطائیت کا ثبوت دیا اسلامی تحریک طلبہ اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور او آئی سی سمیت مسلم ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ بنگلہ دیش کی دہشت گردی کے خلاف عملی اقدام کرکے تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے محبت جرم ہے تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کو پاکستان سے محبت کرنے سے نہیں روک سکتی کیونکہ پاکستان کی زندہ دل قوم نے ہر موڑ پر عالم اسلام کا ساتھ دیا اپنے جگر گوشوں کی قربانیاں اسلام اور مسلمانوں کے تحفظ کیلئے پیش کیں۔مسلم دنیا احسان فراموشی،مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے ک بجائے بنگلہ دیش سے معاشی بائیکاٹ ،بنگلہ دیشی سفارت خانے بند کرنے کا اعلان کرے ۔اسلامی تحریک طلبہ پاکستان کے قائدین نے کہا کہ مسلمان اسلامی وحدت قائم کرنے کیلئے نبی ٴ اکرم اور خلفائے راشدین کا قائم کردہ نظا خلافت قائم کریں تاکہ امت مسلمہ کے ساتھ ایسی زیادتیاں پھر نہ ہوں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں