ظلم جب حدسے بڑھ جاتاہے تومٹ جاتاہے، کے الیکٹرک مالکان دولت کی ہوس سے باہر نکلیں ، سلیم خان قادری

پیر 23 نومبر 2015 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 نومبر۔2015ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر، مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہارکے چیئرمین اور ممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاہے کہ کے الیکٹرک مالکان دولت کی ہوس سے باہر نکلیں اوراپنارویہ وقبلہ درست کرتے ہوئے انسانیت اور کاروبار کے مسلمہ اصولوں پر عمل پیراہوں، بصورت دیگر کراچی کے شہری باالخصوص عوام اہلسنّت حنفی بریلوی ان کے خلاف منظم تحریک کا آغازکریں گے۔

وہ اپنے دفتر لیاقت آباد میں معروف قلمکارفیضان شہزادکے ہمراہ آئے ہوئے نوجوانوں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمدشکیل قاسمی، ناصر حسین خان، عبدالوحیدیونس، حاجی مرزامحمدمبین بیگ، محمدرفیق قادری ودیگر بھی موجودتھے۔ وفد کے اراکین نے کے الیکٹرک کے ظلم وستم کی داستان سناتے ہوئے انہیں بتایاکہ Kالیکٹرک نے صارفین سے زائد بلوں کی وصولی اور لوڈشیڈنگ کو معمول بنالیاہے، تکلیف دہ لطیفہ یہ ہے کہ جولوگ کم بجلی استعمال کرتے ہیں ان پر چوری کاالزام لگاکر ہزاروں روپے اضافی بل بھیج دیاجاتاہے اور جب کوئی صحیح کرانے جاتاہے تو اسے دھتکاردیاجاتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ بجلی کی فراہمی کے لئے بھی کے الیکٹرک نے سلور کی ایسی نازک تاریں ڈالی ہیں جو لوڈ برداشت نہیں کرپاتی جس کے باعث اکثر ٹوٹ کر گرجاتی ہیں جو بجلی کے تعطل کا سبب بنتی ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے محمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ اہلسنّت حنفی بریلوی قائدین واکابرین نے ہمیشہ صبروتحمل، برداشت اور درگزرکا درس دیاہے ، یہی وجہ ہے کہ ابھی تک خاموشی کے ساتھ Kالیکٹرک کے ہر ظلم وستم، زیادتی وجبر، غنڈہ گردی وبدمعاشی اور لوٹ مار کا باریک بینی سے مشاہدہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ظلم جب حدسے بڑھ جاتاہے تومٹ جاتاہے، کے الیکٹرک مالکان یادرکھیں مظلوم کی بددعاعرش ہلادیتی ہے،کراچی کے شہریوں کو دہشتگردی، لوٹ مار، اسٹریٹ کرائمزاور بدامنی کا شکارکرکے کراچی کی ملکیت کے ای ایس سی کو کے الیکٹرک بنانے والوں کانام تاریخ میں سیاہ لفظوں سے لکھاجائے گااورکے ای ایس سی کوبیچنے والوں کی اولادوں کو ہماری آنے والی نسلیں فرعون، یزیداور ہلاکوکے نام سے پکاراکریں گی۔

محمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے مرکزی رہنماقانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں تاکہ انصاف حاصل کرنے کے لئے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایاجائے،کیونکہ Kالیکٹرک مالکان نے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ملازم رکھے ہوئے ہیں ، اہلسنّت حنفی بریلوی عوام کو خاص طورپر نشانہ بنایاجارہاہے، اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد، مدارس ،خانقاہوں اور مزارات کے ناجائز بل بناکر بھیجے جارہے ہیں، معمولی رقم کابل نہ بھرنے پر بجلی کاٹ دی جاتی ہے ، اہلسنّت حنفی بریلوی آبادیوں میں کے الیکٹرک کے غنڈے دھمکیاں دیتے پھرتے ہیں ،چادروچاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے ہماری خواتین سے بدتمیزی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ کے الیکٹرک اہلسنّت حنفی بریلوی دشمن ادارہ ہے،ہماری میلادکی محافل میں فنی خرابی کی آڑمیں بجلی بندکردی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اہلسنّت حنفی بریلوی قائدین کو اور اکابرین کو میدان عمل میں آناچاہئے اورKالیکٹرک کی غنڈہ گردی کا نوٹس لیناچاہئے،عوام اہلسنّت حنفی بریلوی میدان میں احتجاج کے لئے نکل کھڑے ہوئے تو پھر حکومت کے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ جائیں گے،ابھی وقت ہے کہ کے لیکٹرک کی غنڈہ گردی ،بھتہ خوری اور لوٹ مارکولگام دے دی جائے،انہوں نے کہاکہ سردیوں اور ماہ ربیع الاول میں لوڈشیڈنگ پر پابندی لگائی جائے،کے الیکٹرک نہ مانے تو اسے فوری طورپر قومی ملکیت میں لیاجائے اور کے الیکٹرک میں منہ زورگھوڑوں کو برطرف کیاجائے، عوام کی عزت کو پامال کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں