سیاسی جماعتیں اقتدار کے بل بوتے پر عوام ہی کو محکوم اور غلام بنانا چاہتی ہیں ،غنویٰ بھٹو

منگل 24 نومبر 2015 16:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کی چیئرپرسن محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی پارٹیوں کا منشور ایک ہی ہے جس کے تحت وہ عوام کی طاقت استعمال کرکے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں اور پھر اقتدار کے بل بوتے پر عوام ہی کو محکوم اور غلام بنانا چاہتے ہیں ۔وہ گذشتہ روز ۷۱ کلفٹن پر پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کی صوبائی کونسل کے ایک اجلاس جس کی صدارت سندھ کے صوبائی صدر علی احمد پلیپوٹو کر رہے تھے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران معاشرے کو مارکیٹ اکنامی (معیشت کی مارکیٹ) کے زیراثر لانا چاہتے ہیں تاکہ قومی و سائل اور اسکے ذریعے پیدا ہونے والے مصنوعات معاشرے کے صرف امیر طبقے کی ملکیت میں رہے اور وہ اشیاء کی خرید و فروخت میں منافع کا تعین کر سکیں اور اپنی دولت میں روز بروز اضافہ کرتے رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا نظریہ شوشلزم پر منحصر ہے جسکا مقصد قدرتی وسائل اور اشیاء صرف کی قیمتوں کے تعین کا اختیار حکومت کے پاس رہے جو عوام کی ضروریات ، قدرتی وسائل کی فراہمی کو ملحوظ خاطر لاتے ہوئے مقرر کی جاتی ہے جہاں سرمایہ دارانہ نظام کو پنپنے کا موقع نہیں ملتا۔محترمہ غنویٰ بھٹو نے گذشتہ دنوں بلدیاتی انتخابات میں سندھ کے مختلف اضلاع میں پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کے نامزد امیدواروں کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ یہ تعداد کم ہے لیکن یہ حقیقت بھی واضح ہوگئی ہے کہ عوام پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کے نظریاتی کارکنوں اور عہدیداروں کو بے داغ ، کرپشن سے پاک اور عوام دوست پارٹی تصور کرتے ہیں

لیکن خود ہماری پارٹی کی یہ کمزوری ہے کہ پارٹی نے عوام سے رابطہ رکھنے میں کوتاہی دکھائی ہے۔

غنویٰ بھٹو نے کہا کہ قائدعوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے عوام سے رابطہ کیا اور ان کی مدد سے اقتدار حاصل کیا جبکہ آج کی سیاسی جماعتیں وڈیروں کی خوشامد کرتی ہیں کہ وہ اپنے ہاریوں کے ووٹ دلاکر اقتدار میں آتے رہیں اور اقتدار حاصل کرکے مزدوروں ، ہاریوں اور غریبوں پر ظلم کرتے رہیں ۔انہوں نے کہا کہ زمانہ بدل چکا ہے اور سیاسی اخلاقی طور پر عوام تبدیلی کی توقع رکھتے ہیں ۔

غنویٰ بھٹو نے کہا کہ روائتی سیاست کے ذریعہ عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان فراہم نہیں کیا جاسکتا اس لئے وہ نئے طرز سیاست و عمل کے ترکیب پر غور کر رہی ہیں اور اس ضمن میں ”ہمسایگی منصوبہ“ کے تحت پہلے مرحلہ میں عوام کو کمیونٹی کچن کے ذریعہ سستے داموں روٹی حاصل کرنے کا طریقہ سکھانا چاہتی ہیں اور وہ اس منصوبہ پر عمل پیرا بھی ہو چکی ہیں تاکہ عوام سستے داموں روٹی حاصل کرنے اور بعد ازاں کپڑا اور مکان کے حصول کے لئے جدوجہد کریں اور روایتی سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں سے چھٹکارہ حاصل کر سکیں ۔

اس موقع پر سندھ کے صدر علی احمد پلیپوٹو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کی تنظیم عوامی رابطہ مہم کو تیز سے تیز کریں عوام کو موجودہ ظالم حکمرانوں کے خلاف متحدو منظم ہوکر جدوجہد کرنے کی تحریک چلائیں اور موجودہ حکمرانوں سے نجات حاصل کریں ۔ اس موقع پر سندھ کے صو بائی جنرل سیکریٹری سید اسلم شاہ ، صوبائی سابق صدر میہاں خان رند ،سردار تاج محمد ڈومکی ،رکن سینٹرل کمیٹی عنایت حسین ، سیما رفیق ، حاجی نذیر خان مدی ، فیروزہ لاشاری ،تنظیم رضوی ، پروین چانڈیو، اور دیگر بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں