ریفرنسز کے ذریعے بینظیر بھٹو کو جلاوطن ہونے ،آصف علی زرداری کو کئی سالوں تک جیلوں میں قید کروانے والے معافی مانگیں ، ایس جی ایس کوٹیکنا کیس میں آصف زرداری کی بریت سے ثابت ہوگیا کہ مخالفین ریفرنسزکے توسط سے نشانہ بنا رہے ہیں

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاایس جی ایس کوٹیکنا ریفرنس کیس میں آصف زرداری کی بریت ردعمل کا اظہار

منگل 24 نومبر 2015 22:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایس جی ایس کوٹیکنا کیس میں متعلقہ عدالت کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو بری قرار دینے سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ مخالفین نے ہمیشہ سیاسی طور مقابلہ کرنے میں ناکامی کے بعد جھوٹے مقدمات اور ریفرنسزکی توسط سے نشانہ بنا رہے ہیں ۔

منگل کو ایس جی ایس کوٹیکنا ریفرنس کیس میں آصف زرداری کی بریت پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف علی زرداری کے کیس میں بری ہونے سے بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بیگناہی کی پوزیشن بھی واضح ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت کو ڈرانے دھمکانے کے لیے مختلف حکمران مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں اور تقریباً دو دہائیوں سے ریاست کے لاکھوں روپے خرچ کرکے جھوٹے مقدمات کے ذریعے انتقامی کارروائیوں کا ناشانہ بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سالہہ سال سے پیپلزپارٹی کی قیادت کو ایک کورٹ سے دوسری کورٹ تک اور جیلوں سے لے کر ٹارچر سیلوں تک دھکیلا لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف ایک بھی الزام ثابت نہ کر سکے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملک میں آنے والی اشیاء پر پری۔

(جاری ہے)

شپمینٹ انسپیکشن متعارف کرواتے ہوئے روینیو کو دگنا کیالیکن مخالفین نے ان کو اسکینڈل کا رنگ دیا اور ایک سازش کے تحت پیپلزپارٹی کی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ آمر قوتوں ان کے حواریوں نے جان بوجھ کر ملک کی مقبول قیادت اور محب وطن سیاسی قیادت اورملک کی بڑہتی ہوئی معیشت کو نقصان رسانے کے لیے بیگم نصرت بھٹو ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری سمیت پیپلزپارٹی کی قیادت کو دبایا اور نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ایس جی ایس کوٹیکنا پی ایس آئیز سے لے کر آئی پی پیز تک پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ ملک کی معیشت کی بہتری کے بنیاد رکھے تاکہ روینیو میں اضافہ ہو اورملک سے بجلی کے بحران کا خاتمہ ہو سکے لیکن ہمارے دشمنوں نے ہمارے دور رس منصوبوں کو مصنوعی طریقے سے اسکینڈلائیز کیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنہوں نے اس کی شروعات کی اور پیپلزپارٹی کی قیادت کیخلاف ریفرنسز کی پیروی کی انہوں نے حقیقت میں معاشی بددیانتی کی ہے جو کہ ناقابل معافی ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف ان کیسوں کے آغاز سے لے کر ان کی انویسٹیگیشن،شنوائیوں پر سیکریٹ فنڈ، قانونی فیس کے نام پراوراحتساب بیورو، نیب، اور ایف آئی اے حکام کے بیرون ملک دوروں پر ملکی اور غیر ملکی کرنسیز میں خرچ کیے گئے کروڑوں روپے واپس کیے جائیں، بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ جنہوں نے ریفرنسز کے ذریعے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو جلاوطن ہونے پر مجبور کیا اور آصف علی زرداری کو کئی سالوں تک جیلوں میں قید کروایا ، انہیں معافی مانگنی چاہئے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں