بلدیاتی انتخابات کا فائدہ نچلی سطح پر عوام کو اس وقت پہنچے گا جب منتخب نمائندوں کو بااختیارکیا جائے،الطاف شکور

بدھ 25 نومبر 2015 19:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا فائدہ نچلی سطح پر عوام کو اس وقت پہنچے گا جب منتخب نمائندوں کو بااختیارکیا جائے ۔ شہر کے اندر پرامن انتخابات کے لئے پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز تعینات کی جائے اور ریٹرنگ آفیسر کو پابند کیا جائے کہ ووٹوں کی گنتی کے بعد سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ کو اسٹمپ لگا کر نتائج کی لسٹ فراہم کی جائے ۔

پاسبان پاکستان کے سینئر نائب صدر طارق جمیل نے کہا ہے کہ تبدیلی کیلئے بلدیاتی الیکشن کے ذریعے کراچی کے شہریوں کو مافیاؤں کو مسترد کرنا ہوگا۔لوگ اپنے اپنے علاقوں میں قلت آب، ٹوٹی پھوٹی گلیاں و سڑکیں اور سیوریج کا گندہ پانی ، ویران سرکاری اسکول، سرکاری اسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹر وں کا ناپیدہونا، نادرا کی زیادتیوں، منشیات اور محکمہ پولیس اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر بلدیاتی انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کریں ۔

(جاری ہے)

یوسی 32 حضرت بلال کالونی میں بلدیاتی الیکشن مہم کے سلسلے میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس میں پاسبان پاکستان کے سینئر نائب صدورطارق جمیل، اعظم منہاس، نائب صدور عبدالحاکم قائد، رامبیل خان، جوائنٹ سیکریٹری طارق چاندی والا، پاسبان فیصل آباد کے رہنما ڈاکٹررفعت باجوہ، پاسبان کراچی کے سینئر رہنما سردار ذوالفقار، جواد اقبال شیرازی، شمیم ناز، مسلم لیگ ن کراچی کے رہنما سہیل ندیم اوریوسی 32 حضرت بلال کالونی میں پاسبان کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین ظفر اقبال، وائس چیئرمین سر محمدعمران، جنرل کونسلرز محمد ریاض اور رحمت گل خٹک بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طارق جمیل نے کہا کہ پاسبان نے کراچی کی دیگر یونین کونسلوں کی طرح حضرت بلال کالونی کے لوگوں کو ان ہی میں سے بلدیاتی قیادت فراہم کی ہے جو 5 دسمبر کو پولنگ کے بعد بھی آپ کے درمیان رہ کر علاقے کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔پاسبان کے سینئر نائب صدر اعظم منہاس نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بقاء کیلئے صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔

عوام کے مسائل اسی وقت حل ہوں گے جب عوام کے اصل نمائندے اسمبلی میں پہنچیں گے۔ پاسبان کے نائب صدر عبدالحاکم قائد نے کہا کہ حضرت بلال کالونی کے لوگوں نے آج پاسبان کے نامزد امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔ پاسبان کراچی کے سینئر رہنماسردار ذوالفقار نے کہا کہ ضلع ملیر اور کورنگی میں پاسبان اپنی ماضی کی عوامی خدمت کو لے کر عوام کی عدالت میں آئی ہے۔

اب اسمبلی کے فلور پر بھی عوام کے حقوق اور مسائل کی آواز بلند کی جائے گی۔پاسبان کے نامزد امیدوار برائے چیئر مین ظفر اقبال نے کہا کہ عوامی خدمت کے حوالے سے پاسبان کا ماضی اور حال حضرت بلال کالونی کے لوگوں کے سامنے ہے اور حضرت بلال کالونی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور گلیاں ، پینے کے پانی کی قلت ، دیگر مسائل اور حالت زار اس علاقے کے سابق منتخب نمائندوں کی کارکردگی کو بیان کرنے کیلئے کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاسبان کے امیدوار منتخب ہوکر انشاء اﷲ علاقے کا نقشہ بدل دیں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کراچی کے رہنما سہیل ندیم نے پاسبان کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاسبان کے امیدواروں پر مکمل اعتماد ہے اور میں علاقے کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ اگر وہ اپنے مسائل حل کرانا چاہتے ہیں تو 5 دسمبرکو پاسبان کے امیدواروں کو منتخب کریں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں