کراچی میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں،قاری محمد عثمان

جب تک پولنگ پر فوج کے جوان نہیں ہوں گے انتخابات حسب سابق یکطرفہ ہوں گے،نائب امیر جمعیت علماء اسلام

جمعرات 26 نومبر 2015 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ جب تک پولنگ پر فوج کے جوان نہیں ہوں گے انتخابات حسب سابق یکطرفہ ہوں گے۔ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے میدان میں ہیں۔ اگر اہل کراچی نے صالح قیادت کا انتخاب نہ کیا تو شہر کی بحرانی کیفیت ختم نہیں ہوگی۔

وہ جامعہ محمودیہ میراں ناکہ میں مولانا نور الحق کے بھائی کی تعزیت ، کراچی ضلع ملیر کی مختلف یوسیز : مظفر آباد کالونی ، لانڈھی ، قائد آبادہسپتال چورنگی، اور کراچی ضلع غربی :پٹھان کالونی ، سائٹ میں کارنر میٹنگز اور اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان اجتماعات میں مولانا احسان اﷲ ٹکروی ، مفتی عبدالمنعم ، قاری عزیز الرحمن ہزاروی ، ملک محمد تاج، الیاس خان ، قاری علی الرحمن ،مولانا عمر صادق ، سید اکبر شاہ ، مولانا عبداللطیف ، قاری نورالرحیم اور دیگر امیدواروں اور رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ابتدائی اور نچلے سطح پر حقیقی تبدیلی لانے کے لئے حق اور باطل کا معرکہ ہے اگر قوم نے اپنی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے صالح قیادت کا انتخاب کیا تو کراچی ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ اور اگر ذمہ داری کا ثبوت نہ دیا تو پھر ننگی تہذیب کو ملک پر مسلط کرنے والی قوتیں چھاجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اس سے لیبرل اور برہنہ پاکستان بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 14اگست 2014سے پاکستان میں جس ننگی تہذیب کا آغاز ہوا تھا وہ اب شہر میں پھیل رہی ہے۔ننگی سونامی کا عملی مظاہرہ 24نومبر کو ضلع مظفر گھڑ کے ایک میلہ میں برہنہ ڈانس میں کیا گیا ہے۔ قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ اگر گلی کوچوں کے انتخابات میں عوام نے صالح قیادت کا انتخاب نہ کیا تو پھر ہر گلی میں ننگی تہذیب سر اٹھائے گی۔جس سے نہ پاکستان کا اسلامی تشخص ختم ہو کر رہ جائے گا بلکہ عذاب الہی کو اعلانیہ دعوت دینے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صالح قیادت ہی عوامی مسائل کو حل کرسکتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں