آصفہ بھٹو زرداری کی ایئرفورس کی فلائنگ افسر مریم مختیار کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت

شہید مریم مختیار کی زندگی قوم کی بیٹیوں کے لیئے مشعل راہ ہے ، آصفہ بھٹو زرداری

جمعہ 27 نومبر 2015 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) آصفہ بھٹو زرداری نے میانوالی کے قریب پاکستان ایئر فورس کے تربیتی جہاز کے حادثے کے نتیجے میں شہید ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون فلائینگ افسر مریم مختیار کے گھر ملیر کینٹ جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ پڑہی، اس موقع پر شہید مریم کے والدمختیار احمد شیخ اور دیگر اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے شہید مریم مختیار کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت نے پورے پاکستان کی خواتین کا سر فخر سے بلند کیا ہے، انہوں نے سوگوار اہل خانہ سے کہا کہ آپ نے ایک عظیم عورت کی تربیت کرکے انہیں اس مقام پر پہنچایا جو کہ پاکستان کی ہرخواتین اور لڑکیوں کے لئے باعث حوصلہ ہیں، میں مریم کو سلام پیش کرتی ہوں۔

(جاری ہے)

آصفہ بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ان کی والدہ اور سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کا بھی خواب اور مشن تھا کہ پاکستان کی خواتین ملک کی ترقی، خوشحالی اور دفاع میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ شہید مریم مختیار کی زندگی قوم کی بیٹیوں کے لیئے مشعل راہ ہے ۔ مریم مختیار نے شہدا میں نئی تاریخ رقم کی ۔ اس موقع پر مریم شیخ کے اہل خانہ کے ایک فرد نے التماس کی کہ ایک اسکول کا نام شہید مریم شیخ سے منصوب کیا جائے جس پر آصفہ بھٹو زرداری کہا کہ وہ اس سلسلے میں کوشش کریں گی، آصفہ بھٹو زرداری کچھ دیر مریم شیخ کے اہل خانہ کے ساتھ رہیں اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں