پاسبان پاکستان کے سیکریٹری جنرل عثمان معظم کو کراچی صوبے کے مطالبے پر سزا دی جارہی ہے، الطاف شکور

جمعہ 27 نومبر 2015 22:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ شاندار ماضی، دیانت اور محب وطن ہونے کے حامل پاسبان کے مرکزی جنرل سیکریٹری عثمان معظم کوضمنی الیکشن حلقہ NA-246 میں انتخابی مہم کے دوران عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے منصفانہ وسائل کی تقسیم اور انتظامی طور پر کراچی کو صوبہ بنانے کے مطالبے کی سزا دی جارہی ہے۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران پاسبان کو زبردست عوامی پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور شہرمیں قائم ہونے والے سیاسی خلاء کو مصنوعی اتحاد کے ذریعے پرکرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاسبان ہی شہرکی جینئن سیاسی قوت ہے اور آنے والا وقت انشاء اﷲ یہ ثابت کردے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاسبان نے عثمان معظم کے معاملے میں واضح طور پر کہا تھا کہ ہم کوئی رعایت نہیں بلکہ قانون اور آئین کی بالا دستی چاہتے ہیں۔ عثمان معظم اور ان کے صاحبزادے محمد صدیقی کو 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب رینجرز اہلکار ان کی رہائش گاہ فیڈرل بی ایریا سے ساتھ لے کر گئے تھے۔ ایک ماہ لاپتہ رکھنے کے بعد عثمان معظم کی گرفتاری تو عدالتی احکامات کے بعد ظاہر کی گئی تھی اور اب 90 روزہ ریمانڈ کی مدت پوری ہونے کے بعد یہ ظاہر نہ کرکے کہ انہیں کس تھانے میں رکھا گیا ہے اور ان کے خلاف کن الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ایک مرتبہ پھر قانون کی خلاف ورزی اور انہیں قانونی دفاع کے حق سے محروم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان معظم کو ایک ماہ سے زائد عرصہ لاپتہ رکھ کر غیرقانونی حراست میں رکھا گیا اور ان کے صاحبزادے سعد صدیقی جو کہ 11 جون ، 2015 کو گھر سے نکلے تھے، لاپتہ کردیئے گئے اوردوسرے صاحبزادے محمدصدیقی کی حراست ظاہر نہ کرکے قانون اور آئین پاکستان کی بدترین خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ الطاف شکو رنے مزید کہا کہ ہم حقائق کی بنیاد پر بات کررہے ہیں۔

عثمان معظم نے این اے 246 کی انتخابی مہم کے دوران مصنوعی مسائل پر سیاست کرنے کی بجائے کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، ٹی ٹی کلچر، قلت آب، یکساں نظام تعلیم ، سرکاری اسپتالوں میں علاج و ادویات کی عدم فراہمی و دیگر مسائل پر حقیقی سیاست کی تھی جو کہ تمامتر ریکارڈ پر موجود ہے اور اسی بنیاد پرانتظامی سطح پر ملک میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے سب سے پہلے کراچی صوبہ کے قیام کا مطالبہ کیا تھا جس کی سزا عثمان معظم اور ان کے اہل خانہ کو دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان کی قیادت اور کارکنوں کوایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام کے حقیقی مسائل پر بات کرنے سے نہیں روکا جاسکتا ہے۔ پاسبان ملک میں کرپشن کے خاتمے اور عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں