ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے اپنا تاریخ ساز بیٹ انڈس ہسپتال کو عطیہ کردیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:31

ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے اپنا تاریخ ساز بیٹ انڈس ہسپتال کو عطیہ کردیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے اپنا تاریخ ساز بیٹ انڈس اسپتال کو عطیہ کردیا جو مستحق افراد کے علاج میں مدد کے لیے نیلام کردیا جائے گا.پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب میں شریک تھے جہاں انھوں نے اپنے تاریخ ساز بلے کو انڈس اسپتال کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بیٹ کو نیلام کریں گے اور اس کے ذریعے جو رقم حاصل ہوگی وہ اسپتال کی تعمیر اور دیگر کاموں میں خرچ ہوگی۔۔یونس خان نے مخیر افراد سے اپیل کی وہ اگے آئیں اور اس ریکارڈ ساز بلے کو جتنے زیادہ پیسوں سے خرید سکتے ہیں خریدیں تاکہ مستحق افراد کے لیے اسپتال کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

یونس خان نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کاریکارڑ خوب صورت چھکا لگا کراپنے نام کیا تھا، اب اسی بلے کو مستحق افراد کی بہتری کے لیے عطیہ کردیاہے۔

اس موقع پر یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انھیں بہت کچھ دیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے لیے کچھ کروں۔انھوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ آگے بڑھیں اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی بھی پشاور میں اسپتال کی تعمیر اور دیگر فلاحی کاموں میں سرگرم عمل ہیں۔پاک بھارت سیریز کے حوالے سے یونس خان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سے خطے کو بہت فائدہ ہو گا اور کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر بھی بہت سیکھنے کو ملے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں