جمہوریت کا اصل دکھ اور درد پیپلز پارٹی کو ہے، آئندہ انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری تمام صوبوں کی زنجیر ہوں گے۔سید ناصرحسین شاہ

سالہا سال قید و بند کی صہوبتیں برداشت کرنے والے ہمارے شریک چیئرمین کو آج عدلیہ نے بے قصور ثابت کردیا ہے، یہ حق و سچ کی فتح ہے،وزیرخوراک سندھ

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) سندھ کے وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کا اصل دکھ اور درد پیپلز پارٹی کو ہے۔ جس طرح شہید بینظیر بھٹو چاروں صوبوں کی زنجیر تھی آئندہ انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری تمام صوبوں کی زنجیر ہوں گے۔ سالہا سال قید و بند کی صہوبتیں برداشت کرنے والے ہمارے شریک چیئرمین کو آج عدلیہ نے بے قصور ثابت کردیا ہے، یہ حق و سچ کی فتح ہے۔

پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے آغا فیروز کی لگائی جانے والی تصویری نمائش میں رکھی گئی ہزاروں تصویریں اس بات کی غممازی کرتی ہیں کہ ہمارے قائدین اور رہنماؤں نے اس ملک میں جمہوریت کے لئے کیا کیا قربانیاں دی ہیں اور ہماری آئندہ کی نسلوں کے لئے یہ تصاویر کسی اثاثے سے کم نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تصویری نمائش جو آئندہ ایک ہفتہ تک جاری رہے گی، اس میں ہماری پارٹی کے قائدین اور خود بلاول بھٹو زرداری کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو شہید بینظیر پارک، کلفٹن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ بھٹو خاندان کے فوٹو گرافرآغا فیروز کی تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قادر خان مندوخیل ایڈوکیٹ، راحیل اقبال، آغا فیروز اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا اور نمائش میں لگائی گئی 10 ہزار سے زائد تصاویر کو دیکھا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر یہ تصویری نمائش لگائی گئی ہے اور اس نمائش کے انعقاد پر میں فوٹو گرافر آغا فیروز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا خزانہ ہے، جس میں ہماری پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو، ہماری شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو، ہمارے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو سمیت بھٹو خاندان کے تمام افراد کی اس ملک میں جمہوریت کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو آج عدلیہ نے تمام کیسز سے باعزت بری تو کردیا ہے لیکن ان تصاویر میں ہم ان کی 8 سے 10 سال تک قید و بند اور ہماری شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کو بلاول بھٹو اور دیگر بچوں کے ہمارہ جیل میں ملاقات کرتے بھی دیکھ رہے ہیں اور آج میں میڈیا اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والوں سے سوال کرتا ہوں کہ وہ بتائیں کہ وہ ہمارے شریک چیئرمین کے سالہا سال قید بند کی صہوبتوں اور ہماری شہید چیئرپرسن کی سالہا سال جلاوطنی کو کیا جمہوریت کے لئے قربانیاں تصور نہیں کرتے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جمہوریت کا اصل دکھ اور درد پیپلز پارٹی کو ہے۔ جس طرح شہید بینظیر بھٹو چاروں صوبوں کی زنجیر تھی آئندہ انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری تمام صوبوں کی زنجیر ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تصاویر ایک خزانہ ہے اور ہم اس کو محفوظ کرنے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزارتیں اور عہدے پارٹی کی امانت ہوتے ہیں اور پارٹی اس صوبے میں بلدیاتی نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے بعد آنے والے زیر بلدیات جام خان شورو ایک قابل اور نوجوان وزیر ہیں اور وہ مجھ سے زیادہ بہتر محکمہ بلدیات چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اسی لئے پارٹی نے انہیں یہ وزارت دی ہے اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے وزیر خوراک کا قلمدان دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم سب سیاسی کارکن ہیں اور ہم نے ہمیشہ اس ملک اور خصوصاً صوبہ سندھ میں جمہوریت کے استحکام کے لئے کوشیش کی ہیں اور آئندہ بھی ہم اس ملک میں جمہوریت کو استحکام دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے پیپلز سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں پارٹی کے سنئیر کارکنان اور عہدیداران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداران کی جانب سے انہیں وزیر خوراک کا قلمدان ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر فرید انصاری، سہیل رضا عابدی اور دیگر بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں