بزنس مین پینل بزنس کمیونیٹی کی بہتری کے لئے نہ کوئی منشور دے سکا اور نہ ہی کسی صوبے میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرسکا: گلزار فیروز

پیر 30 نومبر 2015 16:19

کراچی((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ترجمان گلزار فیروز نے کہا کہ ابھی تک بزنس مین پینل فیڈریشن کے ہونے والے الیکشن میں اپنا کوئی منشور پیش نہیں کرسکے ہیں اور وہ صرف UBG کے طریقہ کارپر بے جا تنقید کررہے ہیں، وہ اب تک اپنے امیدواروں کے حتمی ناموں کا بھی اعلان نہیں کرسکے ہیں کیونکہ ان کے پاس نہ تو کوئی اچھی ساکھ کے حامل امیدوار ہیں اور انکے امیدواروں میں فیڈریشن کے الیکشن میں مقابلہ کرنے کا دم خم ہے اور نہ ہی ان میں اتنا حوصلہ ہے کہ وہ UBG سے مقابلہ کر کے اپنی بری شکست کو برداشت کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ تعجب ہے کہ جو شخص ہمارے چناؤ کے طریقہ کار پر اعتراض کر رہا ہے وہ پچھلے سال فیڈریشن الیکشن میں اسی طریقہ کار کا حصہ تھا۔

(جاری ہے)

گلزار فیروز نے کہا کہ ہمارے منشور کے مطابق ہر صوبہ یا زون اپنے نائب صدر کا اعلان صاف اور شفاف طریقے سے خود کرسکتا ہے اور اسی طریقہ کار کے مطابق صدر اور سینئر نائب صدر کا انتخاب مرکزی کور کمیٹی کرتی ہے ، چناؤ کا یہ صاف اور شفاف طریقہ کار ہم نے بھی اختیار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ بزنس مین پینل والوں کو ہمارے طریقہ کار پر اتنی فکر کیوں لاحق ہے، انہوں نے صلاح دیتے ہوئے کہا کہ بزنس مین پینل اپنے کام سے کام رکھے اور آئندہ الیکشن میں ہونے والے انتخابات کے لئے اپنا منشور اور امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے۔گلزار فیروز نے مزید کہا کہ ہمارے لیڈران پر تنقید کرنے کے بجائے وہ اپنے صدارتی امیدوار کی فکر کریں جن پر نیب کا کیس دائر ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں