مہاجر رابطہ کونسل کا بلدیاتی انتخابا ت میں متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت کا اعلان

پیر 30 نومبر 2015 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) مہاجر رابطہ کونسل پاکستان نے بلدیاتی انتخابات 2015ء کے تیسرے مرحلے میں متحدہ قومی موومنٹ کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ کراچی سمیت ملک بھر میں مظلوم عوام کی سب سے بڑی حمایت یافتہ جماعت ہے ، بلدیاتی انتخابات 2015ء میں مختلف سیاسی جماعتیں مہاجروں کا نام استعمال کرکے کراچی میں انتخابات جیتنے کی خواہش مند ہیں، ایم آر سی کے صدر ارشد صدیقی نے پیر کو پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کررہے تھے،اس موقع پر مہاجر رابطہ کونسل کے دیگر مرکزی اراکین انکے ہمراہ تھے ۔

ارشد صدیقی نے کہاکہ کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ ہر انتخابات کے موقع پر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتیں مہاجر کارڈ کااستعمال کرکے شہر پر قبضہ کرنے کا خواب لیکر میدان انتخابات میں آتی ہیں ،لیکن عوام جانتے ہیں کہ صرف اور صرف متحدہ قومی موومنٹ ہی واحد جماعت ہے جو سالہا سال عوام کے درمیان رہتی ہے اور ان کے دکھ درد بانٹتی ہے، متحدہ قومی موومنٹ صرف ووٹ مانگنے کیلئے کراچی کا رخ نہیں کرتی بلکہ کراچی کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے ہر لمحہ حکومت اور اسٹبلشمنٹ کا جواں مردی سے مقابلہ بھی کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ مہاجروں نے ہمیشہ الطاف حسین کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی الطاف حسین کا ہی ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہاجر رابطہ کونسل کی مرکزی کابینہ اور کارکنان نے کافی غور و خوض اور مشاورت کے بعد بلدیاتی انتخابات کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت کا فیصلہ کیاہے اور شہر بھر کی مہاجر آبادیوں کے عوام سے گھر گھر جاکر اپیل کی ہے کہ وہ 5دسمبر کو اپنا ووٹ صرف اور صرف پتنگ کے نشان کو دیں تاکہ ماضی کی طرح کراچی کو ایک مرتبہ دنیاکے نامور شہروں میں شامل کروایا جاسکے اور ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں شامل کیا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیوا یم سے ہماری بات ہوئی ہے اور انہوں نے ہمیں بلدیاتی انتخابات کے بعد صوبے کی جدوجہد میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے ، ملک میں خوشحالی کے لئے مزید صوبوں کا قیام ہر پاکستانی کے حق میں ہے لیکن ملک کی اسٹبلشمنٹ یہ بات سمجھنے سے گریزاں ہے ، انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے بعد مہاجرو ں کیلئے علیحدہ صوبے کی جدوجہد کو تیز کردیا جائے گا اور سندھ میں علیحدہ صوبے یا کراچی صوبے کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مہاجر قومی موومنٹ کی قیادت سے بھی کہاکہ قوم کو اس وقت اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے لہٰذا وقت کا تقاضہ ہے کہ مہاجر قومی موومنٹ بھی اپنے امیدواران کو متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت میں دستبردار کرکے شہر میں مہاجر قوت کو تقسیم کرنے کی سازشیں ناکام بنائے اور ایک ساتھ بیٹھ کر مہاجروں کے حقوق اور صوبے کیلئے کا م کرے۔انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں بسنے والے مہاجر عوام سے اپیل کی کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ کو ووٹ دیں اور ثابت کردیں کہ مہاجر کل بھی متحد تھے آج بھی متحد ہیں او ر کوئی اسٹبلشمنٹ ہمیں ہمارا حق لینے سے محروم نہیں کرسکتی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں