وقت کا تقاضا ہے کہ ہم فکرِ سرسید کی عملی طور پر تقلید کریں۔ چانسلر سر سید یونیورسٹی جاوید انور

منگل 1 دسمبر 2015 15:24

کراچی ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام سرسید احمد خان کی تعلیمی خدمات کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ملک کے معروف دانشوروں اور ادیبوں نے سر سید احمد خان کی خدمات و حیات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انور نے کہا کہ سرسیداحمد خان نے نہ صرف ایک اسلامی ماحول کا تصور دیا بلکہ اپنے دین اور شخصیت سے جڑے رہتے ہوئے مغربی تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے برصغیر میں مسلمانوں کی علمی سطح بلند کرنے اور ان کی فکری اصلاح کے لئے جو ادارہ قائم کیا وہاں تعلیم کے علاوہ شخصیت سازی پر بھی بھرپور توجہ دی جاتی تھی، آج نئی دنیا، نئے زمانے اور نئے تقاضے ایک بار پھر فکر سرسید کو اپنا رہنما بنانے کا اشارہ دے رہے ہیں، آج ان کے نظریات اور سوچ کی ہمیں پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

چانسلر جاوید انور نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم فکرِ سرسید کی عملی طور پر تقلید کریں۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ارشد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اس ادارے کو معیار کی اس سطح پر لے جائیں جس کا خواب سرسید احمد خان نے دیکھا تھا۔ انہوں نے فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ طلباء کی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں کیونکہ طلباء مستقبل کے معمار ہیں۔

قبل ازیں خواجہ رضی حیدر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ سرسید احمد خان نے وہ کارہائے نمایاں انجام دیئے جو ملک کی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہیں۔ ماہر تعلیم انوار احمد زئی نے کہا کہ سرسید احمد خان نے اس وقت کے نوجوانوں کو انگریزی کی جانب مائل کیا جو ان کی بصیرت اور روشن خیالی کی ایک عمدہ مثال ہے۔ ممتاز صحافی و کالم نگار مقتدا منصور نے کہا کہ سرسید کی تعلیمی خدمات کی وجہ سے آج مسلمان ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے طلباء نے ترانہ علیگڑھ پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ بعد ازاں سماجی شعبہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر مختلف افراد کو اسناد و شیلڈز سے نوازا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں