کراچی: اینٹی کرپشن ٹیم کے 3 اسپتالوں پر چھاپے، 2 ملزم گرفتار، ریکارڈ ضبط

بدھ 2 دسمبر 2015 22:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) کراچی میں محکمہ اینٹی کرپشن نے سندھ گورنمنٹ کے 3 اسپتالوں پر چھاپے مارکر دو افرادکو گرفتار کر کے ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ لیاری جنرل اسپتال میں زائد المعیاد ادویات بیچنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے اسپتالوں میں فنڈز میں خورد برد اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے اینٹی کرپشن سرگرم ہے۔

(جاری ہے)

ایک ہی دن میں مختلف اسپتالوں میں اینٹی کرپشن کی ٹیموں نے چھاپے مارے، جن میں کورنگی دو نمبر اسپتال، بلدیہ اسپتال اور سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی شامل ہیں۔ سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی، میں اینٹی کرپشن نے چھاپے کے دوران اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لیں۔ حکام کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں اور ادویات کے فنڈز کے سلسلے میں بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

اینٹی کرپشن کے عملے نے لیاری جنرل اسپتال میں چھاپہ مار کر اسپتال کے اسٹور انچارج اور اسٹور کیپر کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسٹور انچارج محمد اکبر اور اسٹور کیپر خورشید پر زائد المعیاد ادویات مریضوں کو دینے کا الزام ہے جو مضر صحت ہیں اور ان ادویات کے استعمال سے مریضوں کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ گرفتارافراد سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں