مون گارڈن کیس،عدالت کاپولیس رپورٹ پر اظہار عدم اطمینان

جمعرات 3 دسمبر 2015 15:43

کراچی ‘(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن03دسمبر۔2015ء) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قائم مون گارڈن سے متعلق پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہارکردیا۔عدالت نے ایک ہفتے میں پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔مون گارڈن کیس کی سماعت کے دوران آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مون گارڈن میں مجموعی طور پر 180 فلیٹس ہیں جن میں سے 70 پہلے ہی خالی تھے جبکہ 27 فلیٹس کو عدالت کے حکم پر خالی کرایا گیا ہے۔اس موقع پر مون گارڈن کے بلڈر عبدالرزاق خاموش سے متعلق عدالت کے استفسار پربتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے بلڈر کو مشروط ضمانت دی ہے۔ بلڈر کے وکیل نے کہا کہ عدالت حکم کرے تو بلڈر پیش ہوجائے گا۔جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مون گارڈن کے و کیلوں کی فریق بننے سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت کیلئے 22 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی۔مون گارڈن خالی کرانے سے متعلق حکم امتناع میں بھی 22 دسمبر تک توسیع کردی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں