رینجرز کو پولنگ اسٹیشنز میں داخلے کا اختیار، خراب صورت حال میں موثر کارروائی کی اجازت

پولنگ سٹیشن پر تعینات کیے جانیوالے فوج و رینجرز اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی کی دفعہ 5،6کے تحت اختیارات حاصل ہونگے

جمعرات 3 دسمبر 2015 18:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رینجرز اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنز میں داخلے کا اختیار دیتے ہوئے انتخابات کے دوران امن وامان کی صورت حال خراب ہونے کی صورت میں موثر کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں 5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پاکستان رینجرز کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران کسی بھی قسم کے نقص امن کی صورت میں انھیں اختیار حاصل ہوگا کہ وہ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوسکیں ۔

واضح رہے کہ کمیشن نے الیکشن کے روز اور اس سے قبل حساس پولنگ اسٹیشنز پر آرمی اور رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کو منعقد کرنے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے جبکہ امن و امان کی صورت حال کو کنٹرول کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کے دوران کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر تعینات کیے جانے والے فوج اور رینجرز اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی کی دفعہ 5 اور 6 کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 5 دسمبر کو سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کیے جانے والے فوج اور رینجرز اہلکاروں کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات تجویز کیے ہیں، جس کے تحت وہ موقع پر ہی کسی بھی مجرم کو کرمنل پروسیجر کوڈ 1998 کے تحت سزا سنا سکتے ہیں۔کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کو آئین کے آرٹیکل 245 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 4 اور 5 کے تحت اختیارات دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 5 دسمبر کو سندھ میں صرف کراچی کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی میں مرد ووٹرز کی تعداد 964،585 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 770،634 ہے، ضلع شرقی میں مرد ووٹرز کی تعداد 658،616 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 528،285، ضلع غربی میں مرد ووٹرز کی تعداد 929،862 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 599،970 ہے.اس کے علاوہ ضلع جنوبی میں مرد ووٹرز کی تعداد 457،928 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 347،755 ، ضلع ملیر میں مرد ووٹرز کی تعداد 675،589 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 507،947 اور ضلع کورنگی میں مرد ووٹرز کی تعداد 675،589 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 507،947 ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں