جماعت اسلامی کے نمائندے شہر کے مسائل کا ادراک رکھتے ہیں ‘ تعمیر کے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے ‘ نسیم انصاری

یوسی 49 ناظم آباد میں کارنر میٹنگ و ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے جماعت اسلامی کے ذمہ داران کا خطاب ‘ اے این پی اور اقلیتی برادری کا بھی حمایت کا اعلان

جمعرات 3 دسمبر 2015 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی یوسی 49 ناظم آباد نمبر 1 کے تحت کارنر میٹنگ اور ٹیلنٹ ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو شیلڈز اور انعامات دیئے گئے ۔ کارنر میٹنگ میں نائب امیر جماعت اسلامی زون ناظم آباد نسیم انصاری ، نامزد چیئرمین یوسی 48 زاہد بن حنیف ، وائس چیرمین عاطف خان ، نامزد کونسلرز عمیر اکرم ، ایوب علی ، نوید وحید و دیگر نے شرکت کی ۔

کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی ناظم آباد نسیم انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اس شہر کی ہمیشہ خدمت کی ہے اور کراچی کے عوام نے عبد الستار افغانی اورنعمت اﷲ خان کی صورت جماعت اسلامی کی خدمات کو دیکھا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم خدمت کا مشن لیکر نکلے ہیں عوام یوسی 49 سے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ پینل کو کامیاب بناکر تعمیر کے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں ۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کے تیسرے بڑے شہر کی چند سڑکیں اور انڈرپاس بنا دینا خدمت نہیں اس شہر کو ماسٹر پلان کی ضرورت ہے اور جماعت اسلامی کے نمائندے شہر کے مسائل کا ادراک اور حل رکھتے ہیں۔کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نامزد چیئرمین یوسی 49 زاہد بن حنیف نے کہا کہ اپنے میئر کی چاہت رکھنے والی تنظیم کو اپنا پرانا میئر نہیں مل رہا جبکہ جماعت اسلامی کے نمائندے اسی شہر کی گلیوں میں عوام کے درمیان موجود ہیں ۔

ہم اس شہر کی خدمت کرنا چاہتے ہیں ۔ شہر کراچی کو سرکلر ریلوے اور گرین بسوں سے چنگچی رکشوں کی طرف دھکیلا گیا اس شہر کے مسائل کو حل کرنے میں جماعت اسلامی کے سوا کسی نے کردار ادا نہیں کیا ۔5 دسمبر کا دن انشاء اﷲ شہر کراچی کو ظالموں اور بھتہ خوروں سے نجات دلائے گا ہم اقتدار میں آ کر شہید عابد الیاس کا مشن آگے بڑھائیں گے ۔ نامزد کونسلرز عمیر اکرم ، ایوب علی ، نوید وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوسی 49 مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے پانی ، بجلی کے مسائل ، کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کے مخدوش نظام نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔

ہم انشاء اﷲ عوامی حمایت سے منتخب ہوکر شہریوں کو انکے بنیادی حقوق دہلیز پر مہیا کریں گے ۔ یوسی 49 ناظم آباد نمبر 1 سے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ پینل کی حمایت کا اعلان کرنے عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی ذمہ داران خیال حیدر اور محمد قیوم بھی موجود تھے ۔انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوسی 49 سے دیانتدار قیادت کو کامیاب بنائیں گے ۔ اس شہر کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقوق پر صبر کر رہے ہیں لیکن اب حقوق کو چھیننے کیلئے 5 دسمبر کو جماعت اسلامی کو کامیاب بنائیں اس موقع پر اقلیتی برادری کے سربراہان عمران عزیز بھٹی و دیگر نے شرکت کرکے اپنی بھر پور حمایت کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں