کراچی کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ دھونس دھمکیوں ، دہشت گردی کی سیاست سے آزادی چاہتے ہیں

تحریک انصاف سند ھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کا عوامی اجتماعات سے خطاب

جمعرات 3 دسمبر 2015 23:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف سند ھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ووٹ ڈالنا قومی فریضہ ہے اور عوام سوچ سمجھ کر اس کا استعمال کرے ۔ ہمیں امید ہے کہ ملیر کے عوام حقیقی تبدیلی اور عوامی خدمت کے لئے 5دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کے انتخابی نشان بلے پر مہر لگا کرتبدیلی کی بنیاد رکھیں گے ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز ضلع ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن، کیٹل کالونی، گل احمد چورنگی، قائد آباد، داؤد چالی اور اولڈ مظفر آباد کے دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماعمران اسماعیل ، فیصل واڈا اور ضلع ملیر کے آرگنائزر عنایت خٹک بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ملیر کی عوام تبدیلی کے لئے پر عزم ہیں اورانشاء اﷲ 5دسمبر کو کراچی کے بہتر مستقبل کے لئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔

اہلیان کراچی شہر کے امن کی خاطر و تبدیلی کے سفر میں تحریک انصاف کے جھنڈے تلے متحد ہو رہے ہیں۔ کراچی کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مزید دھونس دھمکیوں ، دہشت گردی کی سیاست سے آزادی چاہتے ہیں، 5دسمبر کوکراچی کی عوام بلا خوف و خطر اپنے گھروں سے باہر نکلیں گے اور انتخابی نشا ن بلے پر مہر لگا کر ٹھپہ مافیا کی سیاست کی تابوت پر آخری کیل ٹھوکیں گے۔

تحریک انصاف نفرت ، تعصب ، فرقہ واریت اور مسلک سے بالا تر ہو کر پاکستانیت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور لسانیت کی سیاست کرنے والوں نے پاکستان کے معاشی حب شہر کراچی کو ترقی کے بجائے زوال کی طرف دھکیل دیا ہے۔ تحریک انصاف شہر کراچی میں ایک بار پھر امن ، سکون اور بھائی چارگی کی فضا کو قائم کرنا چاہتی ہے،کراچی کا مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے ۔ انشاء اﷲ وہ دن دورنہیں جب کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنے گا اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں