سوئس قونصلر جنرل کا بیرونی دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج بہتر بنانے پر زور

سوئس کمپنیوں کے ٹیکنالوجی ٹرانسفر اورتجارتی وفود کے تبادلے سے دوطرفہ تجارت کا فروغ ممکن ہے،خواجہ عارف کپور

جمعہ 4 دسمبر 2015 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) سوئٹزرلینڈ کے قونصلر جنرل ایمل وائس نے بیرونی دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا امیج بہتر بنا کر اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جاسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم اے) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔

اس موقع پر پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین خواجہ عارف کپور،وائس چیئرمین عبدالصمد،گروپ کے سربراہ چوہدری محمد نصیر،عارف بالا گام والا،چیئرمین ڈپلومیٹک کمیٹی مبین بشیر،خرم زرار،ناصرالدین فتح، محمودسلام،طارق مگوں،مرزا ندیم بیگ و دیگر بھی موجود تھے۔قونصلر جنرل نے پی سی ڈی ایم اے کے ممبرز درآمد کنندگان کو سوئٹزرلینڈ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ ایسوسی ایشن اعلیٰ سطح وفد تشکیل دے جو سوئٹزرلینڈ میں تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ سوئس تاجروصنعتکاروں کے ساتھ مضبوط روابط استوار کرے تاکہ کاروبار و تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفد کے تبادلے پرزور دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کابھی یقین دلایا۔پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین خواجہ عارف کپور نے سوئٹزرلینڈ کے قونصلر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ دیرینہ تعلقات سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور تجارتی وسفارتی لحاظ سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔انہوں نے سوئس قونصلرجنرل کو تجویز دی کہ وہ سوئس کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کی طرف راغب کریں اور یہاں دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہاکہ سوئس کمپنیاں ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور تربیت کے ذریعے بھی پاکستان کو اقصادی بحران سے نکلنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں جس سے نہ صرف دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا بلکہ باہمی تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے اور سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد پر بھی زور دیا اور سوئس قونصلیٹ سے تجارتی وفود کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ ایک دوسرے کے ممالک کی مارکیٹوں کی ضرورت کے مطابق اشیاء کی تجارت کا جائزہ لیاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں