وزیر داخلہ نے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر کراچی اور پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے

جمعہ 4 دسمبر 2015 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر کراچی اور پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ گورنرسندھ سے بھی ڈی جی رینجرز نے ملاقات کی اور بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے موقع پر کراچی اور پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

وزیر داخلہ کی ہدایت پر کراچی اور پنجاب میں رینجرز پولیس کی معاونت کریں گے جبکہ وزارت داخلہ کے کنٹرول روم میں سیکیورٹی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔وزارت داخلہ نے کراچی اور پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں جبکہ سندھ اور پنجاب کے محکمہ داخلہ کو مراسلے بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گورنرسندھ سے ڈی جی رینجرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی رینجرز نے بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی صورتحال پر گورنر سندھ کو بریفنگ دی۔ گورنر سندھ نے فوج، رینجرز، ایجنسیز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو امن و امان اور سیکیورٹی کے حوالے سے فل پروف بنایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں