درہم برہم کراچی منتخب بلدیاتی نمائندوں کی صلاحیتوں کیلئے کڑا امتحان ثابت ہوگا،عتیق میر

منتخب نمائندوں کو گذشتہ دس سال کے مسائل کے حل کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا،چیئرمین کراچی تاجراتحاد

اتوار 6 دسمبر 2015 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 دسمبر۔2015ء) کراچی کے تاجروں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو شہر کیلئے خوش آئند قرار دے دیا، شہر کے مسائل کے حل کیلئے منتخب نمائندوں سے بھرپور تعاون کا اعلان،شہر کے ان گنت مسائل شہری اداروں کی فعالیت کے منتظر اور متّقاضی تھے، اتوارکوجاری کیئے گئے بیان میں آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے بلدیاتی انتخابات کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ درہم برہم کراچی منتخب بلدیاتی نمائندوں کی صلاحیتوں کیلئے کڑا امتحان ثابت ہوگا، منتخب نمائیندوں کو گذشتہ دس سال کے مسائل کے حل کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا، انھوں نے کہا کہ انتخاب نہیں اپنی کارکردگی سے شہریوں کا دل جیتنا اصل کامیابی ہے، منتخب نمائیندے اپنے کام اور نظم و ضبط سے اپنی صلاحیت اور اہلیت ثابت کریں، انھوں نے کہا کہ بلدیاتی مسائل و مشکلات سے دوچار شہر گزشتہ ایک دہائی سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا منتظر تھا، ان گنت اندیشوں اور وسوسوں کے باوجود کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد خوش آئیند ہے، انھوں نے تمام کامیاب نمائیندگان کیلئے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے کہا انتخابات میں کامیابی کا جشن درپیش مسائل کے حل اور کاموں کی تکمیل کے بعد منایا جائے جس میں عوام اور تاجر بھی شریک ہونگے، انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ منتخب نمائندگان اب سیاسی اور انتخابی گرما گرمی اور محاذ آرائی بھول کر شہر کے مسائل کے حل کیلئے باہمی طور پر کوشاں ہونگے، متفرق منتخب نمائیندگی باہمی کشیدگی کا شکار ہوئی تو انتخابی عمل رائیگاں ہوجائیگا، انھوں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کے ذمے داران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے بلدیاتی نمائیندوں کو سیاسی ذمے داریوں سے آزاد کرکے انتظامی ذمے داریوں میں ان کی بھرپور معاونت کریں، تاجروں کی سپریم کونسل کے ارکان اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، شیخ محمد عالم،سمیع اللہ خان، سید شرافت علی، ملک اسلم جاوید ارائیں، ضیاء عمر سہگل، حکیم شاہ، امان اللہ شاہ، عرفان للہ، میر عبدالحئی خان،محمد آصف ، دلشاد بخاری، عبدالقادر، الطاف لالا اور محمد عارف،نے کراچی کے انتظامی مسائل کو ابتر اور مخدوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دس سال سے اہلیانِ کراچی بلدیاتی مسائل کے حل کے منتظر ہیں، غلاظت اور گندگی روشنیوں کے شہر کی اصل پہچان بن گئی ہے، شہر میں حکومتِ سندھ کا کردار ایک عُضوئے معطل کی ماند ہے، انھوں نے حالیہ بلدیاتی انتخابات کو کراچی کے شہریوں کیلئے امید کی آخری کرن قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے درخواست کی ہے کہ بلدیاتی کارکردگی اور ذمے داریوں کی ادائیگی میں ایک دوسرے کی راہ میں روڑے اٹکانے کی بھونڈی روایت اب ختم کی جائے اور راستہ روکنے کے بجائے ساتھ لیکر چلنے کی روایت پیدا کی جائے، انھوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائیندے شہر میں صفائی ستھرائی سے اپنی ذمے داریوں کا آغاز کریں،بیشتر علاقوں میں خستہ حال سڑکیں، ملبہ، بہتے گٹر، سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل درپیش ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں