پاکستان کا ثقافتی ورثہ غیر معمولی ہے،ماہرینِ آثارِ قدیمہ

ہڑ پہ، موہن جوڈارو شہر انڈس تہذیب کی پہچان ہیں، فرانسیسی ماہرڈاکٹرآرورے ڈیڈیر کا جامعہ کراچی میں خطاب

اتوار 6 دسمبر 2015 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 دسمبر۔2015ء) دنیا بھر کے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے لئے پاکستان کا قدیم ثقافتی ورثہ غیر معمولی نوعیت کا حامل ہے، دو قدیم شہرہڑ پہ اور موہن جوڈاروانڈس تہذیب کی پہچان ہیں جبکہ نئی دریافت کے لئے پاکستانی اور فرانسیسی آرکیالوجیکل مشن جنوبی سندھ میں آثارِ قدیمہ کی مزید کھوج لگائے، آرکیالوجیکل مشن کے تحت جنوبی ایشیاء کے پہلے شہری آثار کے متعلق کثیر معلومات جمع ہوسکی ہیں۔

یہ بات فرنچ آرکیالوجیکل مشن کی ڈائریکٹر اور معروف ماہرِ آثارِ قدیمہ ڈاکٹرآرورے ڈیڈیرنے جمعہ کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کے ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں عوامی آگاہی پروگرام کے تحت ”جنوبی پاکستان کی انڈس تہذیب پرآرکیالوجیکل ریسرچ اورپاکستانی اور فرانسیسی آرکیالوجیکل مشن کے کردار“کے موضوع پراپنے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی اور ورچوٴل ایجوکیشنل پروگرام برائے پاکستان کے باہمی تعاون سے ہوا۔ڈاکٹرآرورے ڈیڈیرنے کہا کہ انڈس ویلی میں ہڑ پہ اور موہن جوڈارو تمدنی اعتبارسے جدید تھے جہاں پر نکاسِ آب کا بھی منظم نظام پایا گیا ہے، ان شہروں کی تباہی اچانک موسمی تبدیلیوں جیسی وجوہات سے مربوط ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس میں انڈس تہذیب اور یہاں سے حاصل شدہ آثارِ قدیمہ کے حقائق پر بین الاقوامی کانفرنس، سیمنار اور نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ1958ء سے فرانسیسی ماہرین پاکستانی وزارتِ آثارِ قدیمہ اور میوزیم کے تعاون سے پاکستانی ثقافتی ورثے پر کام کررہے ہیں، ان حوالوں سے جین میری کیسل، ڈاکٹر جین فرانکویس اور ڈاکٹر رونالڈ بیسین ویل وغیرہ کے نام قابلِ ذکر ہیں، انھوں نے کہا کہ فرانسیسی ماہرین بلوچستان اور سندھ کی قدیم تہذیبوں میں ایک ثقافی تعلق کی تلاش کررہے ہیں، ماہرین نے مکران کی تہذیب اور کانسی کے دور کے درمیان بھی ایک تعلق پایا ہے۔ انھوں نے کہا فرانس گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کامیابی سے اُستوار کیے ہوئے ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں