داخلی اور خارجی چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ‘ ملکی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائیگا ‘وزیراعظم

پیر 7 دسمبر 2015 15:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ داخلی اور خارجی چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ملکی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ دنیا بھی پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کر رہی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ان گنت قربانیاں دی ہیں۔

دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،پاک فضائیہ اور فوج ہمہ وقت ہر چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کردار بہت اہمیت رکھتاہے ۔جے ایف17طیارے پاکستان کی شان ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوبلوچستان کے علاقے سونمیانی میں پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں کا معائنہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے ایئرچیف سہیل امان اورڈپٹی ایئرچیف مجاہدانورخان دیگرنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمدآصف ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی اور پاک فضائیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ تقریب میں فضائی حادثے میں جان کی بازی ہارنے والی پائلٹ مریم مختار کے والدین بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاک فوج کو کئی اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ، ضرب عضب کے دوران پاک فضائیہ نے دشمنوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ان گنت قربانیاں دیں اور ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے لازوال کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہاکہ ملک غیرروایتی جنگ سے دوچار ہے اور غیرروایتی جنگ سے نمٹنے کے لئے غیرروایتی حکمت عملی اپنائی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاک فضائیہ کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں جس کی مہارت پر مکمل اعتماد ہے۔ لڑاکا طیاروں جے ایف تھنڈر 17 اور ایگل طیاروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے اور پوری قوم کو یقین ہے کہ جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا پاک فضائیہ ملکی دفاع کیلئے ایک بار پھر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ایم ایم عالم اور رفیقی جیسے پائلٹس نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اورکہاکہ پاک فضائیہ نے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے مراکزکوتباہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہاکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ ہمہ وقت تیار ہے، جے ایف 17 تھنڈر طیارے پہلی بار مشقوں میں شامل کئے گئے ہیں جنہیں دور حاضر کے مطابق جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے۔

ڈپٹی ایئرچیف مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور قوم کی توقعات پر پورا اترے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اندرونی بیرونی خطرات درپیش ہیں ، آپریشن ضرب عضب آپریشن میں دہشتگروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے ،جے ایف 17 تھنڈرکی فضائیہ میں شمولیت اہم سنگ میل ہے۔اس موقع پر پاک فضائیہ کی جنگی طیاروں نے حربی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیاگیا ۔

جدید ہتھیاروں سے لیس طیاروں خصوصاً جے ایف 17 تھنڈر نے کامیابی سے ہدف کو نشانہ بنانے کا مظاہرہ کیا اورفضا سے زمین پر فائرنگ کا مظاہرہ کیا ۔قبل ازیں وزیر اعظم نے ایئر فورس کی مشقوں کا معائنہ کیا۔ڈپٹی ائیرچیف آپریشن مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی مشقوں او ر کارکردگی پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نواز شریف نے جنگی جہازوں اور شاہینوں کی کارکردگی کی تعریف کی ۔ اس سے قبل کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان، وزیر اعلی سید قائم علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا، جس کے بعد بزریعہ ہیلی کاپٹر وزیراعظم سونمیانی پہنچے۔جہاں ایئرچیف سہیل امان نے ان کا استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں